بلوچستان بھر میں حضرت محمد ﷺ کی ولادت کا دن منایا گیا، جلسے اور ریلیاں
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان کے مختلف اضلاع میں خاتم النبین حضرت محمدﷺ کی ولادت باسعادت کا دن جشن میلاد النبیﷺ کوعقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر نکالی گئی ریلیوں میں ہزاروں افراد نے شرکت کرکے حضور ﷺ کی بارگاہ اقدس میںدرود وسلام پیش کیا، جگہ جگہ نعت خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا، جشن میلاد النبی ﷺ کے موقع پر کوئٹہ سمیت سبی، نصیرآباد، جعفرآباد، گوادر، ژوب، ڈیرہ بگٹی، قلات اور دیگر علاقوں میں گلی اور بازاروں کو خوبصورت روشنیوں برقی قمقموں اور سبزجھنڈیوں سے سجایا گیا تھا جبکہ صوبے کے مختلف سرکاری اور غیر سرکاری عمارتوں پر چراغاں بھی کیا گیا تھا ۔ جشن میلاد النبی ﷺ کے موقع پر کوئٹہ سمیت دیگراضلاع میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔ پولیس،لیویز اور فرنٹیئر کور کے اہلکاروںنے مختلف مقامات پر سیکورٹی کے فرائض سرانجام دئیے۔ جلسوں کے آخر میں ملکی سلامتی اور استحکام اور بلوچستان میں بحالی امن کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔


