کوئٹہ، گرانفروشی پر 75 دکاندار گرفتار، 60 سے زائد دکانیں سیل کردی گئیں
کوئٹہ (انتخاب نیوز) ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کی جانب سے گرانفروشوں، منافع خوروں اور سرکاری نرخ پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے 75 دکانداروں کو گرفتار جبکہ 60 سے زائد دکانوں کو سیل کردیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ کی ہدایت اور عوامی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ سٹی فاروق عبداللہ نے شہر کے مختلف علاقوں کاسی روڈ، کواری روڈ، جوائنٹ روڈ، اسپنی روڈ، بروری روڈ، فیصل ٹاو¿ن اور اے ون سٹی میں گرانفروشوں، منافع خوروں اور سرکاری نرخ کے برخلاف فروخت پر گوشت، مرغی، پھل اور سبزیوں کی دکانوں پر چھاپے مارے گئے جس میں 65 افراد گرفتار اور 50 سے زائد دکانوں کو سیل کردیا گیا جبکہ اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ صدر کی ہدایت پر اسپشل مجسٹریٹ نے صدر کے علاقے نواں کلی، ائیرپورٹ روڈ عالموں چوک پر گرانفروشوں اور منافع خوروں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے 10 دکاندار گرفتار اور 12 دکانیں سیل کردیا گیا اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ سٹی فاروق عبداللہ نے کہا کہ شہر میں منافع خوری، گرانفروشی اور سرکاری نرخ نامے کے خلاف ورزی کرنے اجازت نہیں دی جائے گی شہر میں منافع خوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی جبکہ لوگوں کو سہولت فراہم کرنے اور منافع خوروں کو قانون کے شکنجے میں لانے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی اور کوئٹہ کے عوام کو کسی صورت منافع خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جائیگا۔


