پرابلم آرمی چیف سے نہیں انہیں لگوانے والوں سے ہے، فواد چودھری
اسلام آباد(انتخاب نیوز)تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کا کہنا ہے کہ ہمیں آرمی چیف جو بھی لگے اس کا پرابلم نہیں، لگانے والوں سے پرابلم ہے، اگر حکومت آج الیکشن کا اعلان کردے تو استعفے واپس ہوسکتے ہیں۔ اسلام آباد میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت میں لوگ الیکٹ ہو کر نہیں آکشن کے تحت آئے ہیں، عام طور پر آکشن کے تحت آنے والی حکومتوں کو یہ فیصلے نہیں کرنا چاہئیں۔ فواد چودھری نے کہا کہ اگر حکومت آج الیکشن کا اعلان کردے تو ان کی پارٹی کے استعفے واپس ہوسکتے ہیں، حکومت پہلے انتخابات کا اعلان کرے، پھر بیٹھ کر بات ہوگی، پی ٹی آئی حکومت کے ساتھ بیٹھنے کے لیے 100 فیصد تیار ہے۔ رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پہلے بھی بات کی لیکن ان لوگوں کے سر میں بھوسا بھرا ہوا ہے، دیکھ لیں اسحاق ڈار کا نیو یارک میں پاکستانیوں نے کس طرح استقبال کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو آگے بڑھانے کے لیے اسپیس دینا ہوگی، ابھی سروے آیا ہے کہ پورا پاکستان الیکشن چاہ رہا ہے، کیا لوگ ان عدالتی فیصلوں کو صحیح سمجھتے ہیں جس کے تحت حال میں ہی لوگ بری ہوئے ہیں؟ یہ سب کچھ این آر او 2022ءکے تحت رہا ہورہے ہیں۔


