کے پی کے ،ضمنی انتخابات، تیاریاں مکمل،انتخابی مہم آدھی رات ختم ہوگی

پشاور(انتخاب نیوز)خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی تین خالی نشستوں پر اتوار 16اکتوبر 2022کو ہونیوالے ضمنی انتخابات کےلئے تمام تیاریاں مکمل کی گئی ہیں، انتخابی مہم کل یعنی (آج)جمعہ آدھی رات ختم ہوگی، خلاف ورزی کرنیوالے امیدواروں کے خلاف الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق کار روائی عمل میں لائی جائیگی،ان حلقوں میں این اے 22مردان، این اے 24چارسدہ اور این اے 31پشاور کی نشستیں شامل ہیں، مجموعی طور پر 14لاکھ 50ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 8لاکھ 8ہزار سے زائد اور خواتین ووٹرز کی تعداد 6لاکھ 42ہزار ووٹرز شامل ہیں، پولنگ صبح 8بجے شروع ہوکر شام 5بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہیگی، تاہم پولنگ کا وقت ختم ہونیکے بعد بھی پولنگ اسٹیشن کے اندر موجود ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنیکی اجازت ہوگی،مجموعی طور پر 16امیدواروں کے مابین مقابلہ ہوگا، جن میں این اے 22مردان میں 4، این اے 24چارسدہ میں 4اور این اے 31پشاور میں 8امیدوار شامل ہیں، ان انتخابات کےلئے مجموعی طور پر 979پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں، جن میں مرد پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 429، خواتین پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 351جبکہ 199پولنگ اسٹیشن مشترکہ ہیں، ان پولنگ اسٹیشنوں میں مجموعی طور پر 745پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس اور 234حساس قرار دئے گئے ہیں، جس کےلئے سیکورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں، انتخابی مواد بشمول بیلٹ پیپرز پرائیذائیڈنگ افسران کو ہفتہ کے دن حوالہ کرکے ان کو اپنے اپنے پولنگ اسٹیشنوں کو روانہ کردیا جائیگا، اس حوالے سے حکمت عملی طے کرنے کے لئے تمام ریٹرننگ افسران نے متعلقہ حکام اور انتظامیہ کےساتھ اجلاس منعقد کئے ہیں تاکہ یہ مرحلہ بھی بہتر طریقے سے انجام پائے، انتخابی نتائج مرتب کرنے اور پولنگ عمل سے متعلق تمام پرائیذائیڈنگ افسران سمیت تمام پولنگ عملہ کو خصوصی تربیت دیدی گئی ہے، میڈیا کو پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ایک گھنٹہ تک غیرحتمی نتائج نشر کرنیکی اجازت نہیں ہوگی،صوبائی الیکشن کمشنر، خیبرپختونخوا محمد فرید آفریدی نے تمام ووٹرز بالخصوص خواتین سے اپیل کی ہے کہ وہ پولنگ کے دن بلاخوف و خطر اپنے اپنے پولنگ اسٹیشنوں میں جاکر اپنا حق رائے دہی استعمال کرکے اپنا قومی فریضہ ادا کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں