فزیو تھراپٹس کیلئے 300 پوسٹیں پبلک سروس کمیشن کے تحت تخلیق کی جائیں، ڈاکٹر بشیر کاکڑ

کوئٹہ (انتخاب نیوز) پاکستان فزیکل تھراپی ایسوسی ایشن بلوچستان کے رہنما ڈاکٹر بشیر کاکڑ نے کہا ہے کہ فزیو تھراپٹس کے روزگار کے لئے 300 پوسٹیں پبلک سروس کمیشن کے تحت تخلیق کی جائیں، بلوچستان میں پرائیویٹ انسٹیٹیوٹ کو جلد از جلد بند کرکے فزیو تھراپٹس کو روزگار فراہم کیا جائے۔ حکومت بلو چستان سے مطالبہ ہے کہ تمام گرفتار فزیو تھراپٹس کو جلد از جلد رہا کیا جائے بصورت دیگر سخت لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ریڈ زون میں فزیو تھراپٹس کے پرامن دھرنے پر پولیس کا تشدد اور گرفتاریاں قابل مذمت ہیں پاکستان فزیکل تھراپی ایسوسی ایشن بلوچستان کمانڈر 12 کور، گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے مطالبہ کرتی ہے کہ تمام گرفتار فزیو تھراپٹس کو رہا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فزیو تھراپٹس کو مطلوبہ اسامیاں اور ڈسٹرکٹ لیول تک فزیو تھراپٹس کی اسامیاں مہیا کی جائیں، پچھلے بجٹ میں بھی فزیو تھراپٹس کے لئے اساماں رکھی گئیں تھیں لیکن آخر میں نکال دی گئیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ اسپیشل ایس این ای کے توسط سے فزیو تھراپٹس کی مطلوبہ اسامیاں تخلیق کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فزیکل تھراپی ایسوسی ایشن بلوچستان حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ بلوچستان میں پرائیویٹ انسٹیٹیوٹ کو جلد از جلد بند کرکے فزیو تھراپٹس کو روزگار فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 2019ءسے 2022ءتک 3 بیج ہوچکے ہیں جو کہ ابھی تک بے روزگار ہیں انکے روزگار کے لئے 300 پوسٹیں پبلک سروس کمیشن کے تحت تخلیق کی جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں