کوئٹہ، خستہ حال جان محمد روڈ مکینوں اور راہگیروں کیلئے اذیت کا باعث بن گیا

کوئٹہ (انتخاب نیوز) جان محمد روڈ کی تعمیر علاقہ مکینوں سمیت دیگر راہگیروں کیلئے تکلیف اور اذیت کا سبب بن گئی۔ علاقہ مکینوں نے اہم اور گنجان آباد علاقے کی سڑک کی تعمیر میں ایک ماہ کی تاخیر کو بلوچستان حکومت کی بے حسی حلقے سے منتخب رکن اسمبلی و صوبائی وزیر اور انکے متعلقہ ٹھیکیدار کی نااہلی قرار دیدیا ہے۔ 20 روز قبل ایک گڑھا کھودا گیا تھا جس میں 10 فٹ کی سیوریج لائن کا پائپ ڈالا جاسکا نہ ہی بچوں، بزرگوں، خواتین کی زندگیاں خطرے میں ڈالنے والا گڑھا بند کیا گیا۔ روڈ اور گلیوں سے ایمبولینس گزر سکتی ہے نہ میت گاڑی۔ علاقے کے لوگ شدید اذیت سے دوچار ہیں۔ جان محمد روڈ کے علاقے میں مہنگا پانی فروخت کرنے والا ٹینکر مافیا بھی آنے سے انکاری ہے، جس روڈ پر میت گاڑی یا ایمبولینس نہیں آسکتی وہاں پانی کا ٹینکر کہاں سے آئے۔ گندے پانی اور کچرے سے بھرا ہوا روڈ حکومت اور اداروں کی کارکردگی اور کرپشن کی داستان بن گیا ہے۔ دوسری جانب علاقہ مکینوں نے کہا کہ ہر جگہ رابطے کرلیے پورا نظام مفلوج ہے، روز مرہ زندگی اور علاقہ مکینوں کی سہولت کیلئے زرغون روڈ، جناح روڈ اور کواری روڈ پر ٹائر جلاکر احتجاج کرنا باقی رہ گیا ہے۔ علاقہ مکینوں نے تمام سیاسی جماعتوں اور دیگر تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ اس اہم مسئلے کے حل کیلئے علاقہ مکینوں کی آواز بنیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں