پاکستان پولیو کے خاتمے کے بالکل قریب ہے عبدالقادر پٹیل
برلن: وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہاہے کہ پاکستان پولیو کے خاتمے کیلئے موثر ترین اقدامات کو یقینی بنار ہاہے ،پولیو کے خاتمے کے بالکل قریب ہے ، اس سلسلے میں دنیا پاکستان کیساتھ کھڑی ہو۔ وہ منگل کو یہاں برلن میں ڈبلیو ایچ اوورلڈ ہیلتھ سمٹ میں پولیو کی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔اس دوران عبدالقادر پٹیل نے کہاکہ پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے باوجود حکومت نے پولیو کے خاتمہ کیلئے ہر ممکن کوشش جاری رکھی ہوئی ہے ،ستائیس سے زیادہ پولیو ورکرز پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کےلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرچکے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ افواج پاکستان مشکل ترین علاقوں میں بھرپور انداز میں پولیو ورکرز کی سیکورٹی میں بھرپور مدد کر رہی ہیں جو کہ لا ئق تحسین ہے ۔عبدالقادر پٹیل کا کہناتھا کہ جامعہ الازہر یونیورسٹی کے شیخ العرب کا مفتی پروفیسر ڈاکٹر طیب کا فتوی ٰپاکستان اور مسلم دنیا کیلئے پیغام ہے کہ بچوں سے صحت کا حق چھیننا اسلام کی تعلیمات کے منافی ہے ۔ عبدالقادر پٹیل نے کہاکہ ہم پولیو کے خاتمے کے بالکل قریب ہیں ،دنیا پاکستان کیساتھ کھڑی ہو ۔ پٹیل نے کہاکہ پاکستان پولیو کے خاتمے کیلئے موثر ترین اقدامات کو یقینی بنارہا ہے ۔ جرمن اکنامک وزیر سونجا شولز نے کہاکہ دنیا میں کوئی جگہ محفوظ نہیں اگرہم نے پولیو کا مکمل خاتمہ نہ کیا۔اس دوران جرمنی نے گلوبل پولیو کے خاتمے کےلئے23 ملین یورو کا اعلان کیا جبکہ سعودی عرب نے گلوبل پولیو کے خاتمے کیلئے ایک کروڑ ڈالر کا اعلان کیا جبکہ بل گیٹس نے دنیا میں گلوبل پولیو کے خاتمے کلئے 1.2 بلین ڈالر کا اعلان کیا۔آسٹریلیا نے گلوبل پولیو کے خاتمے کیلئے 43.55ملین ڈالر،فرانس نے گلوبل پولیو کے خاتمے کےلئے 50 ملین یوروز دینے جبکہ کوریا نے پولیو کے خاتمے کےلئے3.2 ملین ڈالرز کا اعلان کیا۔سی ای او گاوی نے کہاکہ پولیو ورکرز پاکستان کے اصلی ہیروز ہیں ۔ دائریکٹر سی ڈی سی امریکہ روشیل ویلنسکی نے کہاکہ پولیو کے حالیہ کیسز جو کہ اسرائیل اور لندن میں نظر آئے ہیں وہ دنیا کو دوبارہ پولیو کے خطرے سے مل کر مقابلہ کیلئے یکجا کرنے کےلئے کافی ہیں ۔پاکستان کے وفد میں سفیر پاکستان ڈاکٹر فیصل، پولیو کے نیشنل پروگرام منیجر، اور میجر جنرل عامر اکرام بھی موجود تھے ۔


