اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے تسلیم کرلیا پاکستان کی جوہری طاقت محفوظ ہاتھوں میں ہے، منیر اکرم
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ میں متعین پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن کے پاکستان کے جوہری پروگرام کے حوالہ سے امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے وضاحت کردی ہے کہ وہ اطمینان کرتے ہیں کہ پاکستان کی اسٹریٹیجک طاقت محفوظ ہے اورانہوں نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات بنانا چاہتا ہے اور بڑھانا چا ہتا ہے۔ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی وضاحت کے بعد اب ہم نے مسئلہ کو پیچھے رکھنا ہے اور آگے دیکھنا ہے کہ ہم نے کس طرح سے امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات بنانے ہیں۔ ہم یہ کہتے ہیں کہ ہماری ایٹمی طاقت ، ڈیٹرنس کی طاقت ہے ، یہ جارحیت کوروکنے کی طاقت ہے اور اسی وجہ سے ہم اس کورکھتے ہیں ، ہم اس کی حفاظت کرتے ہیں اورہم نے اس کا غلط استعمال نہیں ہونے دینا ہے اور دنیا اس کو تسلیم کرتی ہے۔ ان خیالات کااظہار منیر اکرم نے سرکاری ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ منیر اکرم کا کہنا تھا کہ امریکی خارجہ پالیسی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ سے بنتی ہے، انہوں نے وضاحت دے دی ہے کہ وہ اطمینان کرتے ہیں کہ پاکستان کی اسٹریٹیجک طاقت محفوظ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے جوہری ہتھیاروں کی ایکسپورٹ کنٹرول، حفاظت اور سیکیورٹی اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم،بین الاقوامی معیار کے مطابق بالکل صیح ہے ، لوگ مانتے ہیں اوراب اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے بھی مان لیا ہے۔منیر اکرم کا کہنا تھا کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے شاید جو کچھ کہا وہ انہوں نے شاید پرانے خیالات کااظہار کیا۔ ان کا کہنا تھاکہ ڈیموکریٹک پارٹی کا فنڈ ریزر تھا جہاں امریکی صدر نے اپنے خیالات کااظہار کیا، ہم نے دیکھنا ہے کہ وہاں کس قسم کے لوگ ہوتے ہیں ، یہاں پر جو بھارتی لابی ہے وہ ان کی سیاست میں بہت پیسہ دیتی ہے، ان لوگوں کو بھی کبھی کبھار اُن کو خوش کرنا پڑتا ہے۔ کچھ سیاسی بیانات کہہ لیں یا پرانے خیالات کاانہوں نے ذکر کیا ہے،تاہم ان کی پالیسی کی وضاحت اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے کردی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قم کی لابیز نے پچھلے 40سال کے دوران پاکستان کی ایٹمی طاقت کو روکنے کی کوشش کی تھی، ہم نے اُن کا سامنا کیا ہے، 40سال ہماری سفارتکاری نے اُن کا سامنا کیا ہے اور اُس کے باوجود ہمارے سائنسدانوں اور حکومتوں نے حاصل کیا ہے وہ ہم نے حاصل کر لیاہے۔ اب پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور پوری دنیا کو سمجھ آتی ہے کہ ہم ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہیں، ہم فضول باتیں نہیں کرتے ، ہمارے ہاں کوئی حادثہ پیش نہیں آیا جس طرح بھارت میں میزائل اڑتے ہیں۔ منیر اکرم کا کہنا تھا کہ میری ذمہ داری اقوام متحدہ میں ہے اور یہاں پر پاکستان کی بے پناہ عزت ہے اور پاکستان عالمی برادری میں ایک اہم کردار اداکرتا ہے، اقوام متحدہ میں پاکستان کی بے پناہ عزت ہے۔ اقوام متحدہ کے چارٹر کاجو بڑا اصول ہے وہ اصول یہ ہے کہ لوگوں کے ریاست کے اندرونی معاملات ہیں ان میں دخل اندازی نہیں کرنی، ہم اس اصول کو مد نظر رکھتے ہیں کہ ہمارے جو بھی اندرونی معاملات ہیںوہ ہمارے ہیں اور دوسرے ممالک کو اجازت نہیں ہے کہ وہ اس کے اوپر نقطہ چینی کریں۔


