بلوچستان کے وسائل ایک جانب وفاق، دوسری جانب منتخب نمائندے ہڑپ لیتے ہیں، ڈاکٹر مالک

کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کے صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے فرنٹیئر کالونی کلی ترخہ کوئٹہ میں نیشنل پارٹی میں شمولیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک جانب اسلام آباد ہمارے وسائل لوٹ رہا ہے، دوسری جانب مٹھی بھر وسائل مل جاتے ہیں انہیں نام نہاد عوامی نمائندے ہڑپ کرجاتے ہیں کوئٹہ میں سالانہ نو ارب روپے صرف ایم پی اے فنڈ کے خرچ ہورہے ہیں مگر شہر میں نہ اچھا اسکول ہے نہ صحت کی سہولیات نہ پینے کا صاف پانی اور نہ ہی سیوریج و ڈرینج کا نظام ہے سارا پیسہ کرپشن کی نذر ہوتا ہے جو عوام کی بدقسمتی ہے۔ ڈاکٹر مالک بلوچ نے واضح کیا کہ ایک ذمہ دار سیاسی قیادت اور منظم سیاسی جماعت ہی عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے اقدامات کرسکتی ہے، جذباتی نعروں، بڑے بڑے دعووں پر کان دھرنے کے بجائے سنجیدگی کے ساتھ حق نمائندگی کا فیصلہ کرنا چاہیے۔ ڈاکٹر مالک بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی سیاسی کارکنوں کی جماعت ہے جس کا تعلق عوام سے ہے اور اس کی قیادت خود کو عوام کے سامنے جوابدہ تصور کرتا ہے۔ بلوچستان کے لوگ نان شبینہ کے محتاج ہیں، ریاست صحت، تعلیم ،جان و مال کے تحفظ جیسے بنیادی مسائل سے بھی غافل ہے، بچوں کو پراییویٹ اسکولوں میں پڑھایا جائے علاج پراییویٹ ہسپتال سے کرایا جائے تو سالانہ 65 ارب روپے محکمہ تعلیم اور 45 ارب روپے محکمہ صحت تنخواہیں کس لیے ادا کررہا ہے۔ ڈاکٹر مالک بلوچ نے عوام پر زور دیا کہ وہ نہ جذباتی نعروں سے، نہ ہی بڑی بڑی باتوں سے متاثر ہوں بلکہ عمل وکردار کو پیمانہ بنائیں۔ غربت، بیروزگاری، جہالت ہمارا مقدر نہیں، اسے کرپٹ نمائندوں نے ہمارا مقدر بنایا ہے، جن سے گلو خلاصی لازمی ہے۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جان محمد بلیدی، صوبائی صدر رحمت صالح بلوچ مرکزی، سیکرٹری اطلاعات اسلم بلوچ، نیشنل پارٹی کوئٹہ کے صدر حاجی عطا محمد بنگلزئی، نیاز بلوچ، جلیل لانگو، ایڈووکیٹ حاجی عبدالصمد رند، ریاض زہری، حبیب اللہ بنگلزئی، عمران مشوانی نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے واضح کیا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں کرپشن مافیا نے تباہی مچا دی ہے، انتخاب کے دوران لوگوں سے جھوٹے وعدے کرکے ووٹ بٹورنے والوں کو پانچ سال تک نہ عوام کا خیال آتا ہے نہ عوامی مسائل کا، ہر بار ایک نئے جھوٹے دعوے کے ساتھ آکر لوگوں سے ووٹ حاصل کرنے والوں کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ لوٹو اور خود کو خوشحال بناﺅ ان کے ایجنڈے کو سمجھتے ہوئے ان کے لیے دروازے ابھی سے بند رکھا جائے اور انتخابات میں انہیں مسترد کیا جائے۔ اس موقع پر عمران مشوانی ثنااللہ مشوانی محمد ہارون نورزئی اختر محمد نورزئی عمران خان ظہور احمد بنگلزئی محمد موسی بنگلزئی نیاز بھائی زبیر احمد سرپرہ عمران مشوانی رحمت اللہ صام خان شیراحمد وفا جان منیر احمد اسفند خان ایمل خان محمد اصغر رام لعل غلام رسول بنگلزئی اور حاجی محمد عثمان بنگلزئی نے نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں