اسلام آباد: ریڈ زون کو ’’ویپن فری‘‘ قرار دینے کا فیصلہ
اسلام آباد(ویب ڈیسک)عمران خان کیخلاف جمعہ کو ای سی پی کے فیصلے کے موقع پر اسلام آباد میں الیکشن کمیشن آفس کے باہر ریڈ زون میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، مسقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کیلئے اسلام آباد پولیس نے اہم مواقع پر ریڈ زون کو ’’ویپن فری‘‘ قرار دینے کا فیصلہ کرلیا۔
اعلامیے کے مطابق صرف مجاز افسران کو ہتھیار لے جانے کی اجازت ہوگی، مجاز افسران میں آئی سی ٹی پولیس کے اہلکار شامل ہوں گے جو اسکارٹ یا گن مین ڈیوٹی پر ہیں جن میں سینئر پولیس افسران، معزز ججز، وی وی آئی پیز یا وی آئی پیز شامل ہیں۔
مجاز پولیس افسران کو ایسی ڈیوٹی پر بھیجنے سے پہلے اچھی طرح سے جانچ پڑتال کی جائے گی۔ ایسے افسران کے نفسیاتی اور طبی ٹیسٹ باقاعدگی سے کرائے جائیں اور کسی بھی تضاد کی صورت میں ایسے افسر کو اسکارٹ یا گن مین ڈیوٹی انجام دینے کی اجازت نہ دی جائے۔
پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہتھیار لے جانے والے پولیس افسران کی تصدیق انٹیلی جنس بیورو اور اسپیشل برانچ سے ان کی سیاسی اور مذہبی وابستگی کے حوالے سے کی جائے گی، اسلام آباد پولیس کے علاوہ کسی بھی شخص یا قانون نافذ کرنے والی ایجنسی کو ہتھیار رکھنے والے کو ریڈ زون میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔


