عمران خان کے ساتھ ہمارا مسئلہ لاپتہ افراد کا تھا، کسی حکومت کیلئے بلوچستان کی کوئی اہمیت نہیں، سردار اختر مینگل
اسلام آباد (انتخاب نیوز) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں حکومت کی تبدیلی کا فیصلہ نہیں کرنا چاہیے تھا، ہم تحریک انصاف کی حکومت کی تبدیلی کے حق میں نہیں تھے۔ ہم حکومت کی تبدیلی کا فیصلہ نہیں کرنا چاہتے تھے، عمران خان کو اپنا تکبر لے ڈوبا۔ عمران خان نے نئے سیاسی بٹیروں کو زیادہ اہمیت دی۔ عمران خان کے ساتھ ہمارا مسئلہ لاپتہ افراد کا تھا، گزشتہ حکومت میں ہم آواز اٹھاتے رہے لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی، کسی بھی حکومت کے لیے بلوچستان کی کوئی اہمیت نہیں۔ اس وقت جو کچھ ہورہا ہے یہ درست نہیں، کل کوئی اور پچھتا رہا تھا آج عمران خان پچھتا رہا ہے، ایسا نہ ہو کل ہم پچھتائیں۔ پی ڈی ایم سے الحاق کے بعد بلوچستان کے مسائل حل کی راہ پر چل نکلے۔ جب ووٹوں کی ضرورت ہو تو بلوچستان یاد آتا ہے۔ گزشتہ حکومت میں ہم آواز اٹھاتے رہے۔ موجودہ حکومت بھی ہمارے مسائل کے حل میں بے بس نظر آرہی ہے۔ وزیراعظم سے ملاقات کرکے گلے شکوے کیے ہیں۔


