بلوچستان میں سی ٹی ڈی کے جعلی مقابلوں کو روکا، نشتر ہسپتال سے برآمد لاشوں کی تحقیقات کی جائے، بی وائے سی
لاہور (انتخاب نیوز) بلوچستان میں سی ٹی ڈی کی طرف سے لاپتہ بلوچ افراد کے مبینہ جعلی مقابلوں میں قتل کیخلاف اور نشتر ہسپتال ملتان سے 5 سو مسخ شدہ لاشیں ملنے کیخلاف لاہور میں احتجاج۔ بلوچ یکجہتی کمیٹی لاہور نے اتوار 23 اکتوبر 2022ءکو لبرٹی اسکوائر لاہور میں سی ٹی ڈی کی طرف سے لاپتہ بلوچ افراد کے مبینہ جعلی مقابلوں میں قتل اور نشتر ہسپتال ملتان میں سیکڑوں مسخ شدہ لاشیں ملنے کیخلاف ایک احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی کے شرکاءنے مطالبات کے حق میں بینر اور پوسٹر اٹھائے ہوئے تھے۔ مظاہرین نے بلوچستان میں جبری لاپتہ بلوچ افراد کے سی ٹی کے ہاتھوں جعلی مقابلوں میں قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان میں بلوچ نوجوانوں کو مبینہ جعلی مقابلوں میں قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث افراد کیخلاف کارروائی کی جائے، مظاہرین نے مزید مطالبہ کیا کہ نشتر ہسپتال ملتان سے ملنے والی سیکڑوں مسخ شدہ لاشوں کی تحقیقات کرائی جائے۔


