حب ،وندر، اوتھل ، بیلہ اور کراچی کیلئے بجلی 12.68روپے فی یونٹ مہنگی

کراچی/حب(انتخاب نیوز+نمائندہ انتخاب+ایجنسیز)مہنگی بجلی استعمال کرنے والے کراچی کے بجلی صارفین کو پھر بڑا دھچکا لگ گیا۔ملک کے معاشی و کاروباری حب کراچی کے بجلی صارفین کے لیے بری خبر آگئی۔ بھاری بھرکم بلز کی ادائیگی کرنے والے شہری اب مزید مہنگی بجلی استعمال کریں گے۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق کراچی کیلئے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 12روپے 68 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی گئی ہے۔ نیپرا نے کے الیکٹرک کے سال22-2021 کی چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دی ہے۔کےالیکٹرک نے نیپرا کو 14 روپے 53 پیسےفی یونٹ اضافےکی درخواست کی تھی جس پر اتھارٹی نے 31 اگست کو سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ پر عوامی سماعت کی تھی۔اتھارٹی نے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے بعد چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 12 روپے 68 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی۔نیپرا کا کہنا ہے کہ پرانی پریکٹس کے مطابق، حکومت پورے ملک میں یکساں ٹیرف برقرار رکھتی ہےاور ٹیرف میں فرق کو سبسڈی کے ذریعے ایڈجسٹ کیا جاتا ہے۔دوسری جانب کے الیکٹرک نے حب میں بجلی کے ریٹ تو بڑھادیئے لیکن صارفین کو ریلیف دینے کےلئے کوئی اقدامات کرنے کو تیار نہیں حب میں دن رات لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اعلانیہ اورغیر اعلانیہ بجلی کی بندش سے صارفین عاجز آچکے ہیں اس کے ساتھ ساتھ سیلاب نے صارفین کی کمر توڑ رکھی ہے صارفین کئی بار مطالبہ کرچکے ہیں کہ ان کے بجلی بل معاف کئے جائیں لیکن تاحال سیلاب متاثرین کے دکھوں کا مداوا نہیں کیا گیا ہے الٹا بجلی کے ریٹ بڑھا کر انہیں تحفہ دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں