بھارت میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف شدید احتجاج
نئی دہلی:بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر شاہ جہان پور میں گزشتہ روز ہندو انتہاپسندوں کی جانب سے ایک مسجد میں گھس کر قرآن پاک کی بے حرمتی کی گئی ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق شاہ جہان پور کے علاقے چوک کوتوالی میں واقعہ مسجد سید شاہ فخرعالم میاں میں لوگوں نے گھس کر قرآن پاک کو نذر آتش کر دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نماز کے لیے جب امام صاحب اور دیگر لوگ مسجد پہنچے تو انہوں نے وہاں قرآن پاک کے جلے ہوئے صفحات دیکھے اور اس بارے میں دیگر لوگوں کو اطلاع دی۔بعد ازاں علاقے میں مسلمانوں نے مسجد کے باہر اکھٹے ہوکر زبردست احتجاج کیا اور سڑکوں پر نکل آئے جس کے بعد انہوں نے کئی گھنٹوں تک علاقے میں ٹریفک جام رکھا۔مظاہرین نے علاقے میں لگی بی جے پی لیڈروں کے ہورڈنگ اتار کر انہیں نذر آتش کیا جب کہ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ان پر لاٹھی چارج کیا۔


