سینیٹر اعظم سواتی کی فیملی وڈیو وائرل ہونا فاشزم کی بدترین مثال ہے، قاسم سوری
کوئٹہ (انتخاب نیوز) چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کیخلاف پورے ملک کی طرح تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدر اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جو صوبائی سیکرٹریٹ شہباز سے شروع ہو کر مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی صوبائی آفس شہباز ٹاؤن پر ختم ہوگئی۔ احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر قاسم خان سوری نے کہا کہ خون کے آخری قطرے تک قائد انقلاب عمران خان اور حقیقی آزادی کیلئے جدوجہد کریں گے، چیئرمین عمران خان پر حملے کیخلاف جس جوش، جذبے اور غصے کی کیفیت میں ردعمل دیا ہے، یہ انقلاب اور حقیقی آزادی کے منزل کی عکاسی کرتا ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے سینیٹر اعظم خان سواتی کی فیملی کی ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آج انسانیت بھی شرمندہ ہوگئی آج اگر قوم اس ظلم پر بھی چپ رہی تو فاشزم دور حکومت میں یہ واقعہ کسی کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے۔ احتجاجی ریلی میں نوبزادہ شریف جوگیزئی، ملک نصیب اللہ بیٹنی، محمد آصف ترین، داؤد پانیزئی، اکرم ترین، سید میر علی آغا، عالم کاکڑ، زولیخا مندوخیل، نور خان اچکزئی، ملک زادہ یحییٰ کاکڑ، برات خان خلجی اور دیگر سینئر قیادت نے شرکت کی۔


