پاکستان کسی صورت دہشتگردی کو دوبارہ پنپنے نہیں دے گا، ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان کسی صورت دہشتگردی کو دوبارہ پنپنے نہیں دے گا،عالمی برادری کے اشتراک سے انسداد دہشتگردی کی کاوشیں جاری رہیں گی، مسئلہ کشمیر کا حل کشمیریوں کو آزادانہ، منصفانہ حق خودارادیت ہے، پاکستان کشمیر کے مسئلے کو تمام عالمی فورمز پر اجاگر کرتا رہے گا، سرکاری دوروں کے دوران ملنے والے تحائف کا معاملہ کابینہ ڈویژن دیکھتا ہے، کسی کو بھی سفارتی پاسپورٹ جاری کرنے کے لیے باضابطہ طریقہ کار ہے، خام تیل کی خریداری کے معاملے پر روس کے ساتھ گفتگو جاری ہے،پاکستان میں سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی، تعمیرنو کے لیے ڈونرز کانفرنس جینوا میں متوقع ہے،تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ترجمان دفتر خارجہ نے جمعرات کو ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا وزیر اعظم نے 6 سے 8 نومبر بین الاقوامی موسمیاتی تغیر کانفرنس میں شرکت کی۔وزیراعظم نے ناروے، مصر کے وزرائے اعظم کے ہمراہ ماحولیاتی تبدیلی پر گول میز کانفرنس کی مشترکہ صدارت کی۔وزیراعظم نے موسمیاتی تغیر کے مقابلے کے لیے پاکستان کی حکمت عملی پر روشنی ڈالی۔ماحولیاتی تبدیلیوں پر ترقی پزیر ممالک کو درپیش چیلنجز، کاوشوں پر بھی بات کی گئی۔وزیراعظم نے سعودی عرب کے ولی عہد، اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل، عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل سمیت متعدد راہنماؤں سے ملاقات کی۔ممتاز زہرا بلوچ نے کہا وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے 9 سے 10 نومبر سعودی عرب کا دورہ کیا۔انہوں نے سعودی پاکستان سپریم کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔وزیر خارجہ نے خلیج تعاون کونسل کے راہنماؤں سے بھی ملاقات کی۔پاکستان اور خلیج تعاون کونسل کے درمیان بات چیت کی بحالی پر بھی اتفاق راے کیا گیا۔یورپی یونین کی کمشنر برایے داخلہ یلوا جانسن نے پاکستان کا دورہ کیا۔آئندہ برس کے آغاز میں پاکستان اور ای یو کے مابین مذاکرات پر اتفاق کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے ایک سوال پر کہا کینیا میں پاکستانی ہائی کمیشن نے ارشد شریف کی شناخت، پوسٹ مارٹم اور جسد خاکی سے وطن لانے میں فعال کردار ادا کیا۔دفترخارجہ نے ارشد شریف بارے تمام تر اور بھرپور مدد فراہم کی۔ارشد شریف کے قتل پر تحقیقات سے متعلق وزارت داخلہ ہی آگاہ کر سکتی ہے۔ ایک اور سوال پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا پاکستان نے واضح کیا کہ بھارت 5 اگست 2019ء کے غیرقانونی، غاصبانہ اقدامات ختم کرے۔پاکستان جموں و کشمیر کے مسئلے کو تمام عالمی فورمز پر اجاگر کرتا رہے گا۔مسئلہ جموں و کشمیر صرف اقوام متحدہ متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کے حل پر یقین رکھتا ہے۔مسئلہ جموں و کشمیر کا حل کشمیریوں کو آزادانہ، منصفانہ حق خودارادیت ہے۔ انہوں نے کہا سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان بارے وزارت خارجہ نے اعلان نہیں کیا تھا۔سعودی ولی عہد جلد دورہ کریں گے، تاریخ کا تعین کیا جا رہا ہے۔دوسری سعودی پاکستان سپریم تعاون کونسل کا اجلاس بھی ہو گا، متعدد معاہدات پر دستخط ہوں گے۔ انہوں نے کہا چین کے دورہ پر وزیراعظم کے ہمراہ انتہائی مختصر وفد ساتھ گیا تھا۔پاکستان نے تباہ کن سیلاب کے تناظر میں موسمیاتی تغیر کا مسئلہ عالمی برادری کے سامنے اجاگر کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہناتھا سرکاری دوروں کے دوران ملنے والے تحائف کا معاملہ کابینہ ڈویژن دیکھتا ہے۔ کسی کو بھی سفارتی پاسپورٹ جاری کرنے کے لیے باضابطہ طریقہ کار ہے۔سفارتی پاسپورٹ کا اجراء سابق صدور، سابق وزرائے خارجہ کو بھی کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا پاکستان کسی صورت دہشتگردی کو دوبارہ پنپنے نہیں دے گا۔پاکستان نے دہشتگردی کی وجہ سے ناقابل تلافی نقصان اٹھایا۔پاکستان بین الاقوامی برادری کے اشتراک کے ساتھ انسداد دہشتگردی کی کاوشیں جاری رکھے گا۔ ترجمان نے کہا افریقہ اہم بر اعظم ہے، پاکستان افریقہ کے ساتھ رابطے جاری رکھے گا۔بھارتی براہموس میزائل کے غلطی سے داغے جانے سے کوئی بڑا سانحہ بھی جنم لے سکتا تھا۔ہم اس معاملے کو ہر اہم فورم پر اجاگر کرتے رہیں گے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا چمن سے ملحقہ سرحد پر افغانستان سے فائرنگ کی گئی، ایک پاکستانی اہلکار شہید، چند زخمی ہوئے۔جارجیا میں اسرائیلی شہری کے قتل کی سازش میں پاکستانی شہری کی گرفتاری کی خبریں دیکھی ہیں۔خام تیل کی خریداری کے معاملے پر روس کے ساتھ گفتگو جاری ہے۔انہوں نے کہا پاکستان میں سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی، تعمیرنو کے لیے ڈونرز کانفرنس جینوا میں متوقع ہے۔ڈونرز کانفرنس حوالے سے تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ #/s#


