تخریب کاروں کی ڈیجیٹل کرنسی سے مالی معاونت کی جارہی ہے، بھارتی وزیراعظم

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ تخریب کاری کی کارروائیوں کی فنڈنگ روکنے کے لیے ڈیجیٹل کرنسیوں کو مزید قواعد و ضوابط کا پابند بنانے کی ضرورت ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نے یہ بات انتہا پسند گروہوں کی مالی معاونت سے نمٹنے کے لیے بھارت میں منعقدہ ایک عالمی کانفرنس میں کہی۔عالمی سطح پر ڈیجیٹل لین دین کے لیے استعمال ہونے والے 32 ارب ڈالر مالیت کے کرپٹو کرنسی پلیٹ فارم ایف ٹی ایکس کے رواں ماہ دیوالیہ ہونے سے کرپٹو مارکیٹ میں کھلبلی مچ چکی ہے۔بھارت کی جانب سے کرپٹو کرنسی کے لین دین پر لگام ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے جس نے گزشتہ کئی برسوں میں غیر معمولی ترقی کی ہے، اسے مقامی تجارتی پلیٹ فارمز کی حمایت اور مشہور شخصیات کی توثیق بھی حاصل ہے۔گزشتہ روز انہوں نے تخریب کاری کی مالی معاونت کی روک تھام سے متعلق کانفرنس میں اس خیال کا اظہار کیا کہ نجی کرنسیوں سے سیکورٹی کو شدید خطرہ لاحق ہے۔فنانس ٹیکنالوجیز کے لیے یکساں انتظام کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تخریب کاروں کی بھرتی اور فنڈنگ کے لیے نئی قسم کی ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے، ڈارک نیٹ، پرائیویٹ کرنسی اور بہت سے چیلنجز ابھر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یکساں انتظام سے چیک اینڈ بیلنس اور ریگولیشن کا ایک متفقہ نظام قائم ہو سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں