گوادر کسٹم کی کارروائی، 21 کروڑ روپے مالیت کے 5 ہزار قیمتی موبائل برآمد

کوئٹہ (انتخاب نیوز) گوادر کسٹم کے عملے نے غیر ملکی موبائل فون سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 21 کروڑ روپے مالیت کے 5 ہزار قیمتی موبائل برآمد کرکے قبضے میں لے لئے تفصیلات کے مطابق چیف کلکٹر کسٹمز بلوچستان عبدالقادر میمن اور کلکٹر کسٹم گوادر رضا بلوچ کو اطلاع ملی تھی کہ کچھ مافیا دبئی کے راستے الیکٹرونکس اور موبائل فون سمیت دیگر سامان اندرون ملک سمگل کرنا چاہتے ہیں جس پر فیلڈ انفورسمنٹ یونٹس اور موبائل اسکواڈ کے عملے نے ساحل پر کھڑی نگرانی کی اور گزشتہ دنوں ایک لانچ کے ذریعے جب سامان جس میں موبائل فون سیٹ شامل تھے اتار کر سوزوکی گاڑی میں لوڈ کرکے انہیں فروٹ کی کریٹوں کے ذریعے چھپانے کی کوشش کی جارہی تھی تو کسٹم کے عملے نے چھاپہ مار کر 5 ہزار قیمتی موبائل فون قبضے میں لے لئے جن کی مالیت تقریبا21 کروڑ روپے بنتی ہے۔ کلکٹر کسٹمز گوادر محمد رضا بلوچ کا کہنا ہے کہ کسٹم کی جانب سے سمگلنگ کی روک تھام کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اور سمگلنگ کی بیخ کنی کو ممکن بنانے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے تاکہ اس ناسور کے خاتمے کو ممکن بنایا جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں