ایرانی اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کا ٹیلیفونک رابطہ، سرحدی امور پر تبادلہ خیال

استنبول / تہران(انتخاب نیوز)ایران اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ حسین امیرعبداللہیان اور چاووش اوغلو نے گزشتہ رات ٹیلیفونک گفتگو کے دوران مختلف مسائل پر گفتگو کی۔ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے اپنے ترک ہم منصب چاووش اوغلو سے ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو میں بارڈر ایریا کی تازہ ترین صورتحال اور ترکی اور شام کے درمیان فوجی تنازعے پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر حسین امیرعبداللہیان نے ترکی کے سیکورٹی خدشات کے بارے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ادراک کا ذکر کرتے ہوئے ان خدشات کو دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس مسئلے کے حل کیلئے دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی مذاکرات کے تسلسل کی ضرورت ہے اور زمینی فوجی کارروائیوں سے نہ صرف مسائل کو حل کرنے میں مدد نہیں ملے گی بلکہ نقصان بھی پہنچے گا اور صورت حال مزید پیچیدہ ہوگی۔انہوں نے ترکیہ اور شام کے درمیان سیاسی مسائل کے حل کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کے لیے اپنی آمادگی کا اعلان بھی کیا۔اس موقع پر ترک وزیر خارجہ نے حالیہ صورتحال اور اپنے ملک کے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے اس حوالے سے اسلامی جمہوریہ ایران کے تعمیری کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا سلسلہ جاری رہنے پر زور دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں