سردار اشرف کاکڑ کی موت انتظامیہ کے منہ پر طمانچہ ہے، پشتونوں کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھیں گے، نصر اللہ زیرے
لورالائی (انتخاب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹری ایم پی اے نصر اللہ زیرے اور صوبائی اطلاعات خوشحال خان کاکڑ نے سردار اشرف خان کاکڑ کے گھر کلی درگئی میں تعزیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سردار اشرف خان کاکڑ کی موت معمولی واقعہ نہیں وہ پورے پشتون قوم کے مشر تھے۔ ان کے اچانک اس دنیا سے چلے جانا ایک دکھ اور افسوس کا مقام ہے وہ ایک با اخلاق اور شفیق انسان تھے اور عثمان خان کاکڑ کے بڑے نزدیک اور قریبی دوست بھی تھے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم قبائلی فیصلوں کو بھی سیاسی سوچ اور فکر کے طور پر حل کرنے پر یقین رکھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے قوم کیلئے بد قسمتی ہے کہ ہم اپنے ملی اتلان کو ایک ایک کرکے کھو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کے بڑے بیٹے سردار ثاقب خان کدیزئی اپنے والے کے نقش وقدم پر چلتے ہوئے پشتون قوم کے قومی ارمانوں کی تکمیل تک اپنے والد کے مشن کو جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ذاتی اختلافات اور زئی و خیلی کے بجائے پشتون قوم کے وسیع تر قومی مفاد میں سیاسی و جمہوری جدوجہد جاری رکھنا چاہیے۔ سردار اشرف خان کاکڑ کی پشتون قوم کی محکومی، قومی واک واختیار اور قومی شناخت کیلئے تاریخی جدوجہد کو پارٹی سلام پیش کرتی ہے۔ انکی موت سے پشتون قومی تحریک کو بہت بڑا نقصان اور دھچکہ پہنچا، جسکی تلافی ممکن نہیں۔ ان کی اپنے قبیلے اور پورے پشتون قوم کی سربلندی کیلئے صبر آزما جدوجہد کو ہمیشہ تاریخ میں یاد رکھا جائیگا، انکی موت انتظامیہ کے منہ پر طمانچہ ہے ہم کسی کو اپنے سیاسی اور قوم دوست رہنماؤں کا خون ناحق کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دینگے، ملک اور صوبے میں حکومت عدلیہ اور دیگر ادارے موجود ہیں کسی کو حق طلب کرنا ہے تو وہ اپنا جمہوری حق ان اداروں میں ثابت کریں، ہمارا خون بہانے کا کسی کو حق حاصل نہیں ہے اور نہ ہی ہم آئندہ کسی کو قانون اپنے ہاتھوں میں لینے کی اجازت دینگے۔ حکومت اور ضلعی انتظامیہ فوری طور پر اشرف خان کاکڑ کے قاتلوں کو گرفتار کرکے سزا دے۔


