امریکہ و کینیڈا میں درجہ حرارت منفی 45 ڈگری تک گر گیا، ہزاروں مسافر پروازیں منسوخ
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک )ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ درجہ حرارت میں مسلسل گراوٹ ‘مہلک ہونے کے ساتھ ہی امریکہ اور کینیڈا میں تباہی مچا سکتا ہے۔ اس کی وجہ سے کرسمس کے تہوار کے موقع پر چار ہزار سے بھی زیادہ پروازوں کو اب تک منسوخ کیا جا چکا ہے۔امریکی محکمہ موسمیات نے 22 دسمبر جمعرات کے روز ملک کے بیشتر حصوں میں خطرناک ترین سرد موسم سے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ جمعرات کی رات سے جمعہ کی صبح تک زبردست برفانی طوفان کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس کی وجہ سے کچھ علاقوں میں درجہ حرارت منفی 45ڈگری تک گر گیا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے قطب شمالی میں اٹھنے والے طوفان کے سبب کم از کم ہفتے کے روز تک وسط مغربی، کینیڈا کی سرحد سے متصل جھیلوں اور شمال مشرقی علاقوں میں شدید برف باری کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔اس کا مطلب یہ ہوا کہ ملک کے تقریبا ًساڑھے چونتیس کروڑ باشندوں میں سے 20 کروڑ سے بھی زیادہ لوگوں کو اختتام ہفتہ کرسمس کے موقع پر شدید قسم کے موسم کا سامنا رہے گا۔ کئی عشروں کے بعد ملک کو اس تقریب کے موقع پر اس قدر سخت سردی کا سامنا ہے۔


