معاونین خصوصی تقرری کیس، بلوچستان حکومت کی ہائیکورٹ فیصلے کیخلاف اپیل سماعت کیلئے منظور، فریقین کو نوٹس

اسلام آباد (انتخاب نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاونین خصوصی کی تقرریوں کے قانون سے متعلق کیس میں بلوچستان حکومت کی ہائیکورٹ فیصلے کیخلاف اپیل سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کردیے۔ پیر کو جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کہاکہ یہ کیس تو غیر موثر ہو چکا ہے؟کیا کیس موجودہ بلوچستان حکومت کے متعلق ہے۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے کہاکہ کیس تو سابقہ حکومت کا تھا، بلوچستان ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں قانون ہی ختم کردیا، اسی نوعیت کا کیس سپریم کورٹ پہلے بھی سندھ سے متعلق فیصلہ دے چکی ہے۔ ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے کہاکہ ہائیکورٹ نے فیصلے سے پہلے 27 اے کا نوٹس جاری نہیں کیا۔جسٹس مظاہر علی اکبر نے کہاکہ قانون کو ختم کرنے سے پہلے 27 اے کا نوٹس جاری کرنا لازمی ہے۔ بلوچستان حکومت کی جانب سے ہائیکورٹ کے فیصلے کو معطل کرنے کی استدعا کی گئی۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ قانون ہی ختم کردیا تو معطل کیا کردیں، فیصلہ معطل کرنے کی درخواست پر نوٹس جاری رہے ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔بلوچستان ہائیکورٹ نے 13 اپریل 2020ء کو وزیراعلیٰ معاونین خصوصی سے متعلق ایکٹ 2018ء کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں