انسداد دہشتگردی عدالت میں عمران خان کے پولی گرافک ٹیسٹ کیلئے درخواست دائر
گوجرانوالہ(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر آباد واقعہ کے ملزم نوید کے وکیل نے انسداد دہشتگردی عدالت میں عمران خان کے پولی گرافک ٹیسٹ کیلئے درخواست دائر کردی ۔وزیرآباد میں عمران خان پرقاتلانہ حملے کے مقدمے کے معاملے پر درخواست ملزم نوید کے وکیل میاں دائود کی جانب سے دائر کی گئی ۔درخواست گزار کا کہنا ہے کہ عمران خان مقدمے کو اپنے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کررہے ہیں، دوران تفتیش ملزم نوید کا پولی گرافک ٹیسٹ کرایا گیا ۔درخواست میں کہا گیا کہ جی آئی ٹی نے دوسرا پولی گرافک ٹیسٹ کرانے کیلئے جسمانی ریمانڈ بھی لیا ہے، عمران خان نے کیس سے متعلق متضاد بیانات دیئے ، عمران خان کا پولی گرافک ٹیسٹ اصل ملزمان تک پہنچنے کیلئے مدد کرسکتا ہے۔ بعد ازاں ملزم نوید کے وکیل میاں دائود نے اے ٹی سی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عدالت جے آئی ٹی کو عمران خان کے پولی گرافک ٹیسٹ کا حکم دے، وقوعہ کے روز سے عمران خان متضاد بیانات دے رہے ہیں۔وکیل نے کہا کہ کبھی ان کے ملزمان تین اور کبھی پانچ ہو جاتے ہیں، کبھی ان کے زخموں کی تعداد چار اور کبھی آٹھ ہو جاتی ہے۔


