صادق سنجرانی پارلیمانی وفد کے ہمراہ عراق پہنچ گئے

بغداد(مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین سینیٹ میر محمد صادق سنجرانی کا پارلیمانی وفد کے ہمراہ عراق پہنچنے پرعراقی خارجہ تعلقات کمیٹی کے سینئر چیئرمین عامر الفائز نے ائیرپورٹ پر استقبال کیا۔بعد ازاں ملاقات میں دونوں دوست ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔چیئرمین سینیٹ اور وفد نے پرتپاک استقبال پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے عراق میں تعمیر نو اور ترقی کے نئے دور کے آغاز پر مبارک باد پیش کی۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے عراقی پارلیمان کے سپیکر کو سینیٹ آف پاکستان کی گولڈن جوبلی تقریبات میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے وفد کے ہمراہ بغداد میں الشیخ عبد القادر جیلانی رحمتہ اللہ علیہ کے مزار اقدس پر حاضری بھی دی۔چیئرمین سینیٹ کو دربار کے مختلف حصوں کی زیارت کروائی گئی اور تبرکات پیش کئے۔چیئرمین سینیٹ نے ملک و قوم کی سلامتی اور امن و استحکام کیلئے دعائیں مانگیں۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی عراق کے چار روزہ دورے پر ہیں جہاں وہ عراق میں اعلی حکام سے ملاقاتیں بھی کرینگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں