کیلیفورنیا – پنجاب سسٹر پروونس معاہدہ، تجارت سمیت باہمی تعاون کو مزید فروغ دیگا ،یوسف رضا گیلانی

کیلیفورنیا(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعظم سینیٹر مخدوم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ کیلیفورنیا اور پنجاب کے درمیان سسٹر پروونس معاہدہ تجارت، زراعت، کاروبار، ٹیکنالوجی، ماحولیات اور عوامی رابطوں سمیت اہم شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دے گا جبکہ امریکہ میں متعین پاکستانی سفیر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب اور کیلیفورنیا کے مابین تاریخی سسٹر پروونس معاہدہ نہ صرف دونوں فریقین کے درمیان ہر سطح پر روابط کو مضبوط بنانے کے ضمن میں اہم سنگ میل ہے بلکہ یہ پاک امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی کوششوں کو تقویت فراہم کرے گا۔ کیلیفورنیا کی ریاستی اسمبلی کی قیادت کی جانب سے گورنر ہائوس میں پاکستانی وفد کے اعزاز میں منعقدہ اعلی سطح کے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں وفاقی اکائیوں کے درمیان موجودہ صلاحیت کو بروئے کار لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان امریکہ کو اپنا قریبی اتحادی سمجھتا ہے اور ہم اپنے دوطرفہ تعلقات کو پارلیمانی اور عوامی تبادلوں کے ذریعے مزید مضبوط کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ریاست کیلیفورنیا اور صوبہ پنجاب کے درمیان تاریخی معاہدے کے موقع پر خصوصی طور پر منعقد کی جانے والی استقبالیہ تقریب میں کیلیفورنیا کی لیفٹیننٹ گورنر، سپیکر اور کیلیفورنیا اسٹیٹ اسمبلی کے اراکین کی بڑی تعداد سمیت پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی رہنمائوں نے بھی شرکت کی ،ممتاز پاکستانی نژاد امریکی رہنما ڈاکٹر آصف محمود جنہوں نے حال ہی میں امریکی ایوان نمائندگان کے لیے کیلیفورنیا سے الیکشن لڑا، نے اس تا ریخی معاہدے کو یقینی بنانے کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے اور اس حوالے سے وہ ریاستی اسمبلی کی قیادت اور قانون سازوں کے حمایت حاصل کے لئے انتھک کوششیں کرتے رہے ہیں۔اسمبلی میں معاہدے کی قرارداد کو آگے بڑھانے اور اسکی منظوری کیلئے اتفاق رائیرائے پیدا کرنے کیلئے ریاست کیلیفورنیا کی اسمبلی کے رکن اور تجربہ کار پارلیمنٹیرین کرس ہولڈن نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیلیفورنیا کی لیفٹیننٹ گورنر ایلینی کونالاکیس نے کہا کہ دونوں فریقین کے درمیان تعلقات کو وسعت دینے اور مضبوط کرنے میں یہ معاہدہ مدد گار ہوگاانہوں نے کہا کہ ریاست کیلیفورنیا کو دونوں اطراف کے درمیان تعاون کی استعداد کا بھرپور ادراک ہے۔ کیلیفورنیا کی لیفٹیننٹ گورنرنے کیلیفورنیا کی اقتصادی ترقی میں پاکستانی نژاد پنجابی کمیونٹی کے متحرک کردار کااعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ مختلف شعبوں خصوصاً زراعت، صحت، آئی ٹی اور انٹرپرینیورشپ میں خاطر خواہ خدمات سرانجام دے رہے ہیں ۔رکن اسمبلی کرس ہولڈن نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ معاہدہ کیلیفورنیا اور پنجاب کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کرے گا۔کرس ہولڈن نے کہا کہ عوامی اور پارلیمانی تبادلے پائیدار اور طویل المدتی تعلقات کو یقینی بنانے کے لیے انتہائی ضروری ہیں۔سفیر پاکستان مسعود خان نے رکن اسمبلی کرس ہولڈن کو کیلیفورنیا اور پنجاب کے درمیان روابط بڑھانے اور کیلیفورنیا اسمبلی میں قرارداد کی منظوری کے لئے اہم کردار ادا کرنے پر زبردست خرا خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے معاہدے کے حوالے سے اسمبلی میں دو طرفہ حمایت پر قانون سازوں کا بھی شکریہ اداکیا۔سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا کہ موجودہ دور میں پاک امریکہ تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں اور یہ معاہدے پر دستخط کرنے کیلئے بہترین اورموزوں وقت ہے۔ مسعود خان نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ بالخصوص پنجاب اور کیلی فورنیا کے درمیان قدرتی متصمات پائی جاتی ہیں۔سفیر پاکستان نے پاک امریکہ دوطرفہ تجارتی حجم خاص طور پر امریکہ کے لئے پاکستانی آئی ٹی سروسز کی برآمدات جس کا موجود حجم1.4 بلین ڈالر زہے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے امریکہ کو برآمد ہونے والی آئی ٹی سروسز کا 80 فیصد کیلیفورنیا کو موصول ہو رہا ہے۔سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستانی برآمدات خاص طور پر آئی ٹی سیکٹر کی برآمدات میں حالیہ اضافہ تسلی بخش ہے تاہم اس حجم کو مستقبل قریب میں پانچ ارب ڈالر تک لے جایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور کیلیفورنیا کے درمیان ہونے والامعاہدہ موجودصلاحیت کو برے کار لانے کی راہ ہموار کرے گا۔ پاکستانی سفیر مسعود خان نے یونیورسٹی سے یونیورسٹی شراکت داری کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور روابط کو مضبوط کرنے کے لیے بنیاد میسر آئے گی۔ اس موقع پرپاکستانی وفد نے کیلیفورنیا کی قیادت کو دورہ پاکستان کی دعوت دیی جسے انہوں نے قبول کر لیا اور دونوں پارٹیوں سے تعلق رکھنے والا وفد جلد ہی پاکستان کا دورہ بھی کرے گا۔قبل ازیں سابق وزیراعظم پاکستان سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے کیلیفورنیا سٹیٹ یونیورسٹی نارتھ رج اور یونیورسٹی آف کیلیفورنیا ڈیوس کا دورہ بھی کیااپنے دورے کے دوران سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلیمی سطح پربالخصوص زراعت کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے صوبہ پنجاب اور امریکی ریاست کیلیفورنیا کے درمیان سسٹر پروونس معاہدے پر دستخط کی تقریب کے موقع پرشرکت کی۔ کیلی فورنیا ریاستی اسمبلی کے فلور پر پاکستانی وفد کے دیگر ممبران کے ساتھ ان کو عزت بخشی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں