متحدہ عرب امارات کی قیادت سے ملاقاتیں کامیاب رہیں، شہباز شریف

ابوظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی قیادت سے انکی ملاقاتیں کامیاب رہیں۔ان کا یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی دوستی کو اسٹریٹجک پارٹنرشپ میں بدلنے میں مدد دے گا۔ جنیوا کانفرنس میں عالمی برادری نے توقع سے بڑھ کر اعلانات کیے۔ یو اے ای کی قیادت کے وژن اور دانشمندی نے مختصر عرصے میں متحدہ عرب امارات کو اقتصادی سرگرمیوں اور سیاحت کا مرکز بنایا ہے۔ ہم متحدہ عرب امارات کو ایک اہم اسٹریٹجک اور اقتصادی شراکت دار سمجھتے ہیں، جو خطے میں امن، استحکام اور اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور مشترکہ سماجی و اقتصادی ترقی کی صلاحیت رکھتا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے جمعہ کے روز پاکستان بزنس کونسل متحدہ عرب امارات کے ایک وفد نے ابو ظہبی میں ملاقات کی۔وزیراعظم نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انھیں یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ پاکستانی بزنس مین اپنی محنت اور تجربے کو بروے کار لاتے ہوئے متحدہ عرب امارات میں اپنا اور پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔وزیراعظم نے پاکستان بزنس کونسل متحدہ عرب امارات کے وفد کو پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں توانائی،رئیل اسٹیٹ ،انفارمیشن ٹیکنالوجی ،متبادل توانائی،فوڈ پراسیسنگ ،سیاحت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع موجود ہیں اور حکومت سرمایہ کاروں اور بزنس مین کو تمام تر سہولیات دینے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔وزیراعظم نے وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تجاویز کے ساتھ پاکستان آنے کی دعوت بھی دی۔وفد نے حکومتی معاشی پالیسیز پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمداسحاق ڈار،وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر،وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور سرکاری افسران نے شرکت کی ۔جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ابوظہبی چیمبر آف کامرس کے وفد نے جمعہ کے روزابوظہبی میں ملاقات کی۔ وفد کی سربراہی عبداللہ محمد المزروعی، ابوظہبی چیمبر آف کامرس کے چیئرمین نے کی ۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ انہیں یو اے ای کے ایک اہم چیمبر آف کامرس سے مل کر خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ابوظہبی چیمبر نے متحدہ عرب امارات کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وزیراعظم نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ چیمبر میں پاکستانی ممبران بھی موجود ہیں ۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ ایک پاکستانی بزنس مین کو اس معزز چیمبر کا بورڈ ممبر رہنے کا اعزاز رہا ہے جو اس حقیقت کا مظہر ہے کہ پاکستانی کمیونٹی متحدہ عرب امارات کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یو اے ای کی قیادت کے وژن اور دانشمندی نے مختصر عرصے میں متحدہ عرب امارات کو اقتصادی سرگرمیوں اور سیاحت کا مرکز بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم متحدہ عرب امارات کو ایک اہم اسٹریٹجک اور اقتصادی شراکت دار سمجھتے ہیں، جو خطے میں امن، استحکام اور اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور مشترکہ سماجی و اقتصادی ترقی کی صلاحیت رکھتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ حالیہ دنوں میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان چیمبر ٹو چیمبر تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے اور ہم پاکستانی چیمبرز پر زور دیں گے کہ وہ ابوظہبی چیمبر ت سے نئے روابط استوار کریں۔ وزیر اعظم نے ابوظہبی چیمبر کے اراکین کو اپنے کاروبار کو بڑھانے کے بہترین مواقع کا تجربہ کرنے کے لیے پاکستان کے دورہ کی دعوت دی۔وزیراعظم نے کہا کہ ہنرمند افرادی قوت کو متحدہ عرب امارات بھیجنا ان کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ابوظہبی چیمبر آف کامرس کے اراکین نے پاکستان میں کاروبار کرنے اور سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں