آئی ایم ایف کی شرائط ماننے کو تیار ہیں، پاکستان بچانا ہے تو سیاست کو قربان کرنا ہوگا، شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کو واضح پیغام دے دیا ہے آپ کی شرائط ماننے کو تیار ہیں اور نویں جائزے کیلئے پروگرام مکمل کرنا چاہتے ہیں۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھاکہ آئی ایم ایف کو کہا ہے ہم نویں جائزہ کیلئے پروگرام مکمل کرنا چاہتے ہیں اور آئی ایم ایف نے واضح پیغام دیا کہ ہم پاکستان کے ساتھ ہیں اور مل کر پاکستان کومشکلات سے نکالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کو واضح پیغام دیا ہے کہ ہم آپ کی شرائط ماننے کو تیار ہیں، پاکستان کو بچانے کی جو ذمے داری قبول کی اس کو آخری حد تک نبھائیں گے، قرضوں پر عیاشیاں کرنے کی اجازت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تیل کی امپورٹ پر بچت کیلئے اعلانات سے زیادہ اقدامات کی ضرورت ہے، ایک صوبے کی حکومت نے رات ساڑھے 8 بجے دکانیں بند کرنے کیخلاف حکم امتناع لیا، پاکستان کو بچانا ہے تو ہمیں سیاست کو قربان کرنا ہوگا، ایک اور صوبائی حکومت نے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کیلئے تاخیری حربے استعمال کیے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بچانے کیلئے سیاسی کمائی قربان کردوں گا، ریاست بچانے کیلئے اپنی سیاسی کمائی قربان کرنے کیلئے تیار ہوں، پاکستان کے جو حالات ہیں سب کو اس کی ذمے داری قبول کرنا ہوگی، اس حمام میں سب ننگے ہیں، ہماری اور مارشل لائی حکومتیں سب شامل ہیں، 75 سال میں ہم نے جو کچھ کیا اس کے نقصانات سامنے ہیں۔


