عام انتخابات کیلئے اضافی 14ارب روپے جاری کیے جائیں، الیکشن کمیشن کی حکومت سے استدعا
اسلام آباد (انتخاب نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حکومت سے عام انتخابات کے لیے اضافی 14ارب روپے مانگ لئے ۔ جبکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے عام اور قومی اسمبلی کی 93نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے وزارت خزانہ سے20ارب روپے فوری جاری کرنے درخواست کی ہے۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان عمر حمید خان کی جانب سے وزارت خزانہ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ عام انتخابات کروانے کےلئے الیکشن کمیشن کے لئے 47ارب 41کروڑ 7لاکھ روپے کے فنڈز منظور کئے گئے ہیں جن میں سے رواں سال 25ارب روپے جاری ہونے ہیں۔ پنجاب اورخیبرپختونخوا اسمبلیوں کے عام انتخابات 90روزاور قومی اسمبلی کی 93نشستوں پر60روز کے اندر ضمنی الیکشن کے لئے 25ارب روپے درکار ہیں جن میں سے پانچ ارب روپے الیکشن کمیشن کو موصول ہو گئے جبکہ باقی درکار 20ارب روپے بھی فوری طور پر جاری کئے جائیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان آئین کی مختلف شقوں اور الیکشن ایکٹ2017کے سیکشن 219کے تحت ملک میں عام انتخابات کروانے کا پابند ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ اوپر بیان کئے گئے حقائق کی روشنی میں آئندہ عام انتخابات کے لئے اخراجات کاتخمینہ47ارب روپے سے بڑھ کر 61ارب80کرو5لاکھ روپے تک پہنچ گیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ملک میں مختلف مرحلوں میں عام انتخابات کروانے کے لئے14 ارب38کروڑ 8لاکھ روپے سے زائدکی اضافی رقم درکار ہو گی۔


