قرآن کی بے حرمتی کرنیوالے ممالک تخریب کار ہیں، مسلمان بائیکاٹ کریں، اراکین سینیٹ
اسلام آباد (انتخاب نیوز) سینیٹ نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ پر مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظورکرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سفیر کو طلب کرکے بھرپور احتجاج ریکارڈ کروایا جائے، افسوسناک واقعہ پر او آئی سی ممالک کے ساتھ رابطہ کیا جائے، قرآن پاک کی بے حرمتی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے،آئندہ ہفتے جنیوا میں ہونے والے اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں مسئلے کو اٹھایا جائے جبکہ اراکین سینٹ نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کر نے والے لوگ تخریب کار ہیں ،سویڈن اور نیدر لینڈ کے خلاف بھرپور احتجاج اور پارلیمنٹ سے پر زور پیغام جانا چاہیے ، سوا ارب مسلمان دونوں ممالک کی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں ،او آئی سی اور انٹرنیشنل فورم میں ان کی مصنوعات کے بائیکاٹ کی آواز اٹھائیں،ہمیں قرآن کا پیغام دنیا تک پہنچانا ہوگا ، اگر مغرب میں مقدسات کا احترام کیا جائے تو مسلم ممالک میں انتہا پسندی ختم ہو جائیگی ،بھارت اور اسرائیل تخریب کار سپانسرڈ ممالک ہیں،بھارت کا وزیراعظم خود بڑا تخریب کار ہے جس نے اقلیتوں کا جینا دوبھر کردیا ہے ، افسوس ہم آپس کے خلفشار کا شکار ہیں ،ہمیں اپنے گریبانوں میں بھی جھانکنے کی ضرورت ہے۔جمعہ کو سینٹ کا اجلاس چیئرمین محمد صادق سنجرانی کی زیر صدارت ہوا جس میں ایوان میں معمول کا ایجنڈا معطل کرنے کی تحریک پیش کی گئی کہ وقفہ سوالات کو منسوخ کرکے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی واقعے پر بحث کروائی جائے۔چیئرمین سینیٹ نے تحریک منظور کرکے ایوان میں بحث کی اجازت دے دی۔ بحث میں حصہ لیتے ہوئے سابق وزیر اعظم سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ سویڈن اور نیدر لینڈ میں جو ہوا یہ بہت بڑا المیہ ہے ،پوری دنیا میں اس کے خلاف احتجاج کیا جا رہاہے ہمیں بھی احتجاج کرنا چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ یہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے ،اسلام پر امن مذہب ہے اور پوری دنیا میں امن قائم کرنے کی طاقت رکھتا ہے ،ان دو ملکوں کے اس اقدام کے خلاف احتجاج کرنا چاہیے ،پارلیمنٹ کین جانب سے پر زور پیغام جانا چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ ہم واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں۔اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ ہمیں قانون کے دائرے میں رہ کر اپنا احتجاج ریکارڈ کروانے کا پورا حق ہے۔ انہوںنے کہاکہ ایوان میں ہمارے غیر مسلم بہن بھائی بھی اس طرح کے واقعات پر ہمارا ساتھ دیتے ہیں، انہوںنے کہاکہ وزیراعظم نے مجھے خصوصی ہدایت دی کہ ایوان کو بتائیں حکومت اس معاملے سے آگاہ ہے،وزیراعظم نے کہا ہے کہ اس معاملے پر کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،ہمیں قانون کے دائرے میں رہ کر اپنا احتجاج ریکارڈ کروانا ہوگا۔سینیٹر مشتاق احمد نے کہاکہ پہلے یہ واقعہ سویڈن میں ہوا پھر نیدر لینڈ میں بھی قرار پاک کی بے حرمتی کی گئی ،یہ غیر اخلاقی اشتعال انگیز تخریب کاری ہے،اور یہ کر نے والے لوگ تخریب کار ہیں ،یہ ڈیڑھ ارب انسانوں پر حملہ اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے ،میں ان دونوں ملکوں کی ریاست کی بھی مذمت کرتا ہوں ۔


