پی ٹی آئی کا اے پی سی میں شرکت سے انکار ان کی منفی اور فسطائی سوچ کا ثبوت ہے،شیری رحمان

اسلام آباد(انتخاب نیوز)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے آل پارٹیز کانفرس میں شرکت سے انکار ان کی منفی اور فسطائی سوچ کا ثبوت ہے۔ عمران خان ملکی مفادات کے معاملات پر بھی کسی کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں۔ یہ نا کشمیر کے معاملے پر قومی یکجہتی کا حصہ بنے نا ہی اب دہشتگردی کے خلاف قومی اتحاد کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے ہفتہ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان تاثر دے رہے ہیں کہ دہشتگردی صرف ملک اور قوم کا مسئلہ ہے، تحریک انصاف کا نہیں۔ دہشتگردی کے خلاف آل پارٹیز کانفرس میں شرکت نا کر کے دہشتگردوں کو پیغام دے رہے کہ تحریک انصاف ان کے خلاف نہیں۔ عمران خان تقسیم کا پیغام دے کر دہشتگردوں کی حوصلہ افزائی کر رہے۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ ان کی سیاست کا مقصد صرف اپنی ذاتی مفادات تک ہی محدود ہے۔ سیاسی قوتیں قومی بحران میں ذاتی مفادات بھول کر یکجہتی کا پیغام دیتی ہیں، عمران خان کی تقسیم کی سیاست ملک دشمن قوتوں کے مفاد میں ہے۔ مذمت کافی نہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو دہشتگردی کے خلاف اپنا بیانیہ واضح کرنا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں