کراچی و پنجاب میں مختلف حادثات، 8 افراد جاں بحق

خانیوال/کراچی:خانیوال میں ایم فور موٹر وے پر مسافر وین اور ٹرک میں ٹکر، 3 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ کراچی میں سپرہائی وے نوری آبادی کے قریب مسافر بس اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور خاتون اور بچی سمیت 8 زخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق خانیوال میں ایم فور موٹروے پر شام کوٹ انٹر چینج کے قریب مسافر وین اور ٹرک میں تصادم ہوا جس میں ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار مسافر وین حافظ آباد سے علی پور جا رہی تھی کہ اچانک حادثہ پیش آگیا،ریسکیو ٹیموں نے جاں بحق ہونے والوں کی نعشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔دوسری جانب کراچی میں سپرہائی وے نوری آبادی کے قریب مسافر بس اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ خاتون اور بچی سمیت 8 زخمی ہوگئے ہیں۔جاں بحق شخص کی شناخت عبدالقادر کے نام سے ہوئی، حادثے کے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔دوسری جانب لاہور میںچوہنگ کے علاقے ازمیر ٹائون میں گیس لیکیج کے باعث دھماکے کے نتیجے میں گھر کی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص معمولی زخمی ہوا ۔ریسکیو حکام کے مطابق ازمیر ٹائون میں گزشتہ روز گھر کی چھت گرنے کے بعد ملبے تلے پھنسے تمام 5افراد کو نکال لیا گیا ہے ، حادثے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص معمولی زخمی ہوا ہے ۔جاں بحق ہونے والوں میں 80 سالہ عارف، 52 سالہ طیب، 12 سالہ شگفتہ اور12 سالہ انا شامل ہیں جبکہ 40 سالہ طارق معمولی زخمی ہوا ہے۔ریسکیو آپریشن میں 50سے زائد ریسکیو اہلکاروں نے حصہ لیا، ریسکیو آپریشن 24 گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا

اپنا تبصرہ بھیجیں