مشرف کے دور میں بلوچستان کے عوام کیساتھ زیادتیوں کو کبھی بھلایا نہیں جاسکتا، نواب اسلم

نصیرآباد (آئی این پی) جمعیت علماءاسلام کے مرکزی رہنما رکن صوبائی اسمبلی سابق وزیر اعلی بلوچستان چیف آف ساروان نواب محمد اسلم رئیسانی نے کہاہے کہ سیاست سمیت تمام اداروں میں ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت رہی ہے جس کے باعث جمہوریت خسارے میں رہ ہے ریاست کی استحکام اور مضبوطی کے لیے تمام اداروں کو آئین پاکستان کے دائرکار میں رہتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ملکی معیشت کی تباہی کا ذمہ دار ماضی کی حکومت عمران کی ہے جس نے آئی ایم ایف سے کڑی شرائط پر معاہدے کرکے پاکستانی معیشت کو ڈبو دیا گیا ہے جسکے نتائج آج ہم مہنگائی اور بے روزگاری سمیت دیگر حالات کی صورت میں بھگت رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نصیرآباد کی معروف قبائلی شخصیت حاجی عبدالصمد لہڑی کی جانب سے دئیے گئے ظہرانے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کو چائیے کہ وہ صوبوں کو ان کے جائز حقوق دیں تاکہ بلوچستان کے لوگوں کا مداوا ہو سکے انہوں نے کہا کہ جرنل پرویز مشرف کی اللہ پاک مغفرت فرمائے انہوں نے اپنے دور اقتدار میں بلوچستان کی عوام کے ساتھ جو زیادتیاں کیں ان کو کبھی بھی بھلایا نہیں جاسکتا جسکی غلط پالیسیوں کے سبب آج بلوچستان کے عوام کو مسائل اور مشکلات کا سامنا ہے ۔نواب محمد اسلم رئیسانی نے کہا کہ عام انتخابات آئین کے مطابق ہونگے نہ کہ کسی کی خواہش کے مطابق اور حکومت کو اپنی آئینی مدت پوری کرنی چائیے موجودہ حالات میں عوام انتخابات ہوتے ہوئے نظر نہیں آ رہے کیونکہ ملک کی معیشت غیر مستحکم ہے انتخابات کے لیئے اربوں روپے کے اخراجات کی ضرورت ہوتے ہے انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاست کے بجائے جو انتقامی کاروائیاں ہو رہی ہیں اس پالیسی کو ترک کرنا ہو گا تاکہ تمام سیاسی اسٹیک ہولڈر کو مل کر ملک کو بھنور سے نکالنا ہوگا جمعیت علماءاسلام عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی ہمیشہ عام انتخابات میں بلوچستان میں اسٹیبلشمنٹ کا کردار رہا ہے جس کے باعث کسی بھی جماعت کا واضع اکثریت سے جیتنا قبل از وقت مشکل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھی بھاگ ناڑی کے سانحے پر افسوس ہے 4 افراد کے قتل کرنے کے واقع کی مذمت کرتا ہوں ایک سازش کے تحت قبائلی امن کو خراب کر کے دشمنی کو ہوا دی جا رہی ہے ایسے واقعات کے سدباب کے لیئے تمام قبائل کو مل کر کردارادا کرنا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں