ایکشن کمیٹی جامعہ بلوچستان کی وائس چانسلر سے ملاقات، مطالبات کو جلد منظور کرنیکی یقین دہانی
کوئٹہ : جوائنٹ ایکشن کمیٹی جامعہ بلوچستان کا آج ایک ہنگامی اجلاس زیر صدارت جنرل سیکرٹری اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن پروفیسر فرید خان اچگزئی منعقد ہوا۔ اجلاس میں آفیسرز ایسوسی ایشن کے چئیرمین نذیر احمد لہڑی ، سید محبوب شاہ، عبداللہ مینگل ،شمس علیزئی ، محمد اسحاق پرکانی ایمپلائز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری گل جان کاکڑ، حافظ عبدالقیوم شاہوانی، حاجی ثنااللہ رند، ارباب عبدالرشید کاسی سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں جامعہ ملازمین کو درپیش مسائل جن میں افسران اور ملازمین کی پروموشن، اپ گریڈیشن، ٹائم اسکیل , ڈی آرے کے بقایاجات، چارکول الاﺅنس اور ہالیڈے الاﺅنس کی عدم ادائیگی سمیت جامعہ کے مالی اور انتظامی بحران پر سیر حاصل بحث و مباحثہ ہوا۔اجلاس کے شرکا نے اس امر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کے ناہل وائس چانسلر جامعہ کے ملازمین کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے بجائے اپنے مراعات کی تگ و دو میں مصروف عمل ہے اس کی واضح مثال گزشتہ روز منعقد ہونے والے ٹائم اسکیل اور اپ گریڈیشن کمیٹی کا اجلاس میں ملازمین کو انکا بنیادی حق دینے کے بجائے انکو طول دینے کےلئے دوسرے کمیٹی کے سپرد کردیا گیا جو کہ ناہل وائس چانسلر کی بدنیتی کا مظہر ہے اور دیدہ دانستہ طور پر ملازمین کو انکے بنیادی حق سے عرصہ تین سال سے محروم رکھا گیا ہے جس سے جامعہ ملازمین کو درپیش مسائل میں اضافہ ہوگا۔ اجلاس کے شرکا نے مزید کہاکہ ڈی ارے ،اردلی الاﺅنس کے بقایاجات کی تاحال عدم ادائیگی، جامعہ کو درپیش سخت مالی و انتظامی بحران کے خاتمے، اور یونیورسٹیز ایکٹ 2022 کی پالیسی ساز اداروں میں اساتذہ کرام، آفیسران، ملازمین و طلبا وطالبات کی منتخب نمائندگی نہ ہونے کی وجہ سے جامعہ کو بحرانوں کا سامنا ہے دریں اثنا جوائنٹ ایکشن کمیٹی جامعہ بلوچستان کے وفد نے پرووائس چانسلر اور رجسٹرار جامعہ بلوچستان سے انکے دفتر میں ملاقات کی اور انھیں ٹائم اسکیل اور اپ گریڈیشن کے کیسز کو مزید التوا دینے پر جامعہ کے ملازمین کو درپیش مسائل اور اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ۔ وفد نے پرووائس چانسلر کو اپنے جائز مطالبات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر پرو وائس چانسلر نے تمام مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وائس چانسلر کے بیرون ملک سے واپسی پر بہت جلد ان مسائل کے حل کیلئے اقدامات کریں گے۔


