عام انتخابات نئی مردم شماری کی بنیاد پر ہوں گے ، ادارہ شماریات
اسلام آباد (این این آئی)ادارہ شماریات نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات کےلئے حلقہ بندیاں نئی مردم شماری کی بنیاد پر ہوں گی ،یکم مارچ سے ملک بھر میں مردم شماری کا فیلڈ آپریشن شروع ہوجائےگا، 20 فروری سے خودشماری کا مرحلہ شروع ہوچکا، 43 لاکھ افراد پورٹل پر خود شماری کر چکے ہیں،مردم شماری کے ڈیٹا کو ادارہ شماریات ترتیب دے گا، ایک لاکھ 26 ہزار ٹیبلٹ دئیے گئے ہیں ، پورے پاکستان میں 495 سپورٹ مراکز بنائے گئے ہیں،صوبوں، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتیں تعاون کررہی ہیں، سکیورٹی میں پولیس کےساتھ آرمی بھی ہوگی،مردم شماری تک مجموعی طور پر 34 ارب روپے کی لاگت آئے گی اور ابھی تک حکومت پاکستان مردم شماری کے لیے 10 ارب جاری کر چکی ہے، ہر مردم شماری عملے کے ساتھ ایک صوبائی پولیس کا اہلکار ہو گا، آرمی کے 86 ہزارجوان اور افسران مردم شماری میں ہمارے ساتھ ہوں گے۔ا ن خیالات کا اظہار ترجمان ادارہ شماریات سرور گوندل نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سرور گوندل نے کہاکہ حکومت نے ایک کمیٹی بنائی تھی اور ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن کمیٹی کے سربراہ تھے، کمیٹی نے ساتویں مردم شماری کے طریقہ کار کو وضع کرنا تھا۔ انہوںنے کہاکہ گزشتہ کئی عرصے سے مردم شماری پر کام شروع کیا گیا،ایک لاکھ 21 ہزار افراد کو پورے پاکستان میں تربیت دی گئی ہے، ایک لاکھ 26 ہزار الیکٹرانک ڈیوائسز اس مردم شماری میں استعمال ہونگی۔ انہوںنے کہاکہ پورے ملک میں 495 مردم شماری سپورٹ سینٹر بنائے گئے ہیں، سافٹ ویئر اور الیکٹرانک ڈیوائسز میں خرابی آنے پر نادرا معاونت فراہم کرےگا۔ انہوںنے کہاکہ 20 فروری کو خودشماری پورٹل کا افتتاح ہوچکا ہے، اس وقت پورٹل دستیاب ہے اور وہاں جاکر خود شماری کی جاسکتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ خود شماری کا سادہ سا طریقہ کار ہے۔ ترجمان نے کہاکہ صوبائی حکومتوں نے شمار کنندگان کی تعیناتی کردی ہے، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں شمار کنندگان کی تعیناتی کردی گئی ہے


