ماسکو، کورونا ویکسین بنانے والے روسی سائنسدان کو قتل کردیا گیا، مشتبہ شخص گرفتار

ماسکو (مانیٹرنگ ڈیسک ) کورونا وائرس سے بچاوکے لیے روسی ویکسین اسپوٹنک فائیو بنانے والے سائنسدان کو مبینہ طور پر قتل کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کورونا وائرس سے بچاو کے لیے روسی ویکسین اسپوٹنک فائیو کی تیاری میں مدد کرنے والے سائنسدان اینڈرے بوٹیکوو جمعرات کے روز اپنے کمرے میں مردہ پائے گئے۔ اینڈرے کی گردن پر بیلٹ کے نشان تھے اس لیے ان کی موت ممکنہ طور پر گلا دبانے کی وجہ سے ہوئی ہے۔ 47 سالہ اینڈرے روس کے ریسرچ سینٹر میں سینئر ریسرچر کے طور پر کام کرتے تھے اور انہوں نے اسپوٹنک فائیو ویکسین کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اینڈرے کی لاش ملنے کے بعد چند گھنٹے بعد ایک مشتبہ شخص کو بھی حراست میں لیا گیا جس سے متعلق تحقیقاتی ایجنسی کا دعویٰ ہے کہ 29 سالہ مشتبہ شخص نے اینڈرے کو بیلٹ کے ذریعے گلا دبا کر قتل کیا تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔ اینڈرے کورونا کی ویکسین بنانے والی 18 سائنسدانوں پر مشتمل ٹیم کے رکن تھے جس نے کامیابی سے 2020 میں ویکسین تیار کی۔ کورونا وائرس کی ویکسین کی تیاری کے بعد 2021 میں روسی صدر پیوٹن نے انہیں ایوارڈ سے بھی نوازا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں