سرکاری نرخنامہ کی خلاف ورزی، کوئٹہ میں مہنگا دودھ فروخت کرنیوالے 18 دکاندار گرفتار
کوئٹہ (انتخاب نیوز) ضلعی انتظامیہ کا دودھ فروشوں کیخلاف کریک ڈاﺅن ‘4ڈیری فارمرز سمیت 18دکاندار گرفتار۔15دن کیلئے جیل بھجوا دیا۔ کسی بھی ایسوسی ایشن کوگٹھ جوڑ کر کے از خود نرخنامے میں اضافے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی عطا المنعم۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی عطا المنعم اور اسپیشل مجسٹریٹ ماریہ شمعون نے سبزل روڈ پر 4ڈیری فارمرز پر چھاپے مارے جبکہ فقیر محمد روڈ کاسی روڈ اور خدائیدا د روڈ سے 14دودھ فروشوں کو گرفتار کر کے 15دن کیلئے جیل بھجوا دیا۔ اس موقع پر ا ے سی سٹی عطا المنعم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دودھ فروشوں کیخلاف کریک ڈاﺅن جاری ہے کسی بھی ایسوسی ایشن کو از خود نرخنامہ جاری کرنیکی اجازت نہیں دیں گے انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف حصوں سے ہمیں شکایات مل رہی ہیں کہ ڈیری فارمرز اور ملک شاپس ایسوسی ایشنز نے گٹھ جوڑ کر کے دودھ فی کلو200روپے کردیا ہے جس پر اب ہم کریک ڈاﺅن مزید سخت کریں گے اور ملک شاپس والوں سے بھی کسی قسم کی رعایت نہیں ہوگی اور اب انہیں 15روز کیلئے جیل بھجوایا جائیگا سٹی ایریا میں دودھ فروشوں کیخلاف مسلسل کریک ڈاﺅن جاری رہے گا۔


