ملائیشیا کے سابق وزیراعظم محی الدین یاسین کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیے گئے

کوالا لمپور (مانیٹرنگ ڈیسک ) ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم محی الدین یاسین کو ترقیاتی منصوبوں کے عوض ٹھیکیداروں سے پارٹی فنڈز کے لیے تگڑی رقم لینے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سابق وزیراعظم کو گرفتار کرنے والے ملکی انسداد بدعنوانی ایجنسی نے بتایا کہ 75 سالہ ملزم محی الدین یاسین کو کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ملائیشیا کے انسداد بدعنوانی کمیشن (MACC) نے اپنے بیان میں مزید بتایا کہ سابق وزیراعظم کو ملک میں کورونا لاک ڈاﺅن اور اس کے بعد ان کی حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے اقتصادی بحالی کے منصوبے پر پوچھ گچھ کی گئی۔ خیال رہے کہ سابق وزیراعظم محی الدین یاسین نے ان الزامات پر رضا کارانہ طور پر پوچھ گچھ میں شرکت کی تھی تاہم انہیں حراست میں لے لیا گیا۔ محی الدین یاسین وزارت عظمیٰ سے سبکدوش ہونے کے بعد گرفتار ہونے والے ملک کے دوسرے وزیراعظم بن گئے۔ اس سے قبل 2018ءمیں گرفتار ہونے والے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق 12 سال قید کی سزا بھگت رہے ہیں۔ واضح رہے کہ مسلسل سیاسی بحران کے شکار ملائیشیا میں محی الدین یاسین یکم مارچ 2020ءسے 16 اگست 2021ءتک وزیراعظم رہے۔ 2018ءکے بعد سے ملائیشیا میں کوئی بھی وزیراعظم دو سال سے زائد حکومت برقرار نہیں رکھ سکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں