عمران خان ممکنہ گرفتاری،کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے روڈ بلاک کردیا
کوئٹہ : پاکستان تحریک انصا ف بلو چستان کی جانب سے لاہور زمان پارک میں پی ٹی آئی کے نہتے معصوم کارکنوں پر شلنگ، ظلم وجبر ، خواتین کو تشدت کا نشانہ بنانے کے خلاف ملک بھر کی طرح پاکستان تحریک انصا ف بلو چستان کے رہنماءمحمد آصف ترین کی قیادت میں کوئٹہ ایئر پورٹ روڈ ، بلیلی چیک پوسٹ ، کچلاک اور سریاب روڈ کو احتجاجاً بلاک کر دیا ۔احتجاجی ریلی سے خطاب کر تے ہوئے محمد آصف ترین نے کہا کہ لاہور زمان پارک میں پی ٹی آئی کے نہتے مظلوم کارکنوں پر جس طرح ظلم کیا گیا اس کی مثال پہلے کہیںنہیں ملتی ،لاہور کا زمان پارک اعلان جنگ کی شکل پیش کر رہا ہے آج ہم روڈوں پر اس لئے نکلے ہیں کہ امپور ٹڈ حکومت کو بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان کے 22کروڑ عوام اس وقت حقیقی آزادی کے سفر میں قائد انقلاب عمران خان کے لیڈرشپ میں روڈ وں پر نکلے ہوئے ہیں اور اب حقیقی آزادی کے لئے کسی بھی طرح کی قر بانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ضرورت پڑی تو ہم پورے پاکستان میں دھرنا دیں گے ۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر ممبران باری بڑیچ، حاجی سیف اللہ کاکڑ، داﺅد شاہ کاکڑ، بلال اچکزئی ، غفار کاکڑ، سفیہ کاکڑ، یو سف آغا، اسرار خان، عالم خان، قادر در ویش ، آصف مومند ،سید ثناءاللہ آغا اور دیگر سینئر قیادت اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
کوئٹہ(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف قلعہ عبداللہ کے کارکنوں نے پارٹی چیئرمین عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف قلعہ عبداللہ کے مقام پر منگل کی رات احتجاجاً کوئٹہ چمن شاہراہ کو رکاوٹیں کھڑی کرکے ہرقسم کی آمدورفت کیلئے بند کردیا جس کی وجہ سے سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی لمبی لائنیں لگ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف قلعہ عبداللہ کے قائم مقام صدر ذاکر خان ترین ،جنرل سیکرٹری محمدعارف کاکڑ،جوائنٹ سیکرٹری جمعہ خان کاکڑ ،نذیر خان حبیب زئی ، نعمت خان ، ہارون خان ،باری اچکزئی ،تحصیل گلستان کے صدر علی احمد خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے قلعہ عبداللہ کے مقام پر پارٹی کے چیئرمین عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف کوئٹہ چمن بین الاقوامی شاہراہ کو ہرقسم کی آمدورفت کیلئے بند کردیا جس کی وجہ سے سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ذاکر خان ترین نے کہا کہ پی ڈی ایم اورامپورٹڈ حکمران پی ٹی آئی کے قائدین کے خلاف انتقامی کارروائیوں پراتر آئے ہیں جسکا واضح ثبوت زمان پارک لاہور پر پولیس کا دھاوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکمران ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت حالات خراب کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں انہوں نے کہا کہ عمران خان ہماری ریڈ لائن ہیں جنہیں گرفتار کرنے کی پی ٹی آئی کے کارکن کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔


