جعفرآباد ، جعلی لوکل اور پی آر سی کے خلاف منظم مہم چلانے کا اعلان

ڈیرہ اللہ یار:جعفرآباد میں جعلی لوکل اور پی آر سی کے خلاف نوجوان سوشل میڈیا پر متحد ہو کر یک آواز بن گئے جعلی لوکل و پی آر سی کی منسوخی کے لیے باضابطہ طور پر منظم مہم چلانے کا اعلان کردیا ہے جعفرآباد کے نوجوانوں نصیب اللہ جمالی سجاد علی گاجانی شوکت علی بہرانی طاہر جتوئی سمیت جعلی لوکل کی منسوخی کے لیے سیکڑوں نوجوان سوشل میڈیا پر جاری مہم کا حصہ بن چکے ہیں تاہم دیگر نوجوانوں اور سیاسی و سماجی رہنماوں کی جانب سے بھی جعلی لوکل کی منسوخی کے خلاف جاری مہم کا حصہ بننے کا سلسلہ جاری ہے جعلی لوکل کی منسوخی کے لیے نوجوانوں نے سوشل میڈیا پر ٹرینڈ چلانے کیساتھ پروفائل فوٹو پر بھی جعلی لوکل منسوخ کرو کے سلوگن لگا دیئے ہیں جعلی لوکل کے خلاف مہم کا آغاز کرنے والے نوجوانوں نصیب اللہ جمالی سجاد علی گاجانی ودیگر کا کہنا ہے کہ جعفرآباد میں جعلی لوکل کا اجراء کرکے مقامی نوجوانوں کی حق تلفی کی جارہی ہے غیر مقامی افراد بھاری رقم کی ادائیگی کرنے کے بعد جعفرآباد سے لوکل سرٹیفکیٹ اور شناختی کارڈ حاصل کرکے صوبائی اور وفاقی محکموں میں آسانی سے ملازمت حاصل کررہے ہیں جبکہ مقامی نوجوان گریجوئٹ کرنے کے باوجود ڈگریاں ہاتھوں میں اٹھائے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں انکا یہ بھی کہنا تھا کہ جعفرآباد میں لوکل سرٹیفکیٹ کا اجراء کرنے والے انتظامی عملے نے اپنے ایجنٹس مقرر کیے ہیں ایجنٹس سندھ پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے افراد کو رقم کے عوض لوکل سرٹیفکیٹس دلوا رہے ہیں جو کہ مقامی نوجوانوں کیساتھ سراسر ناانصافی ہے جعلی لوکل کے خلاف مہم کو صوبے بھر میں پھیلانے کے لیے نوجوانوں نے مکمل طور پر منصوبہ بندی کر لی ہے اور بلوچستان بھر کے نوجوانوں سیاسی و سماجی رہنماوں سمیت سول سوسائٹی کو بھی جعلی لوکل کے خلاف جاری مہم کا حصہ بننے کی اپیل کی گئی ہے نوجوانوں کا مزید کہنا تھا کہ جعلی لوکل کے خلاف مہم مستقبل کی ضمانت ہے اپنے روشب مستقبل کے لیے ہمیں مہم کو ہر صورت کامیاب بنانا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں