اسرائیل کو تسلیم کرکے پاکستان کو بیچنے اور ایٹمی اثاثے ختم کرنے کی سازش غداری ہے، مجلس وحدت المسلمین
کوئٹہ (آن لائن) کوئٹہ مجلس وحدت المسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ ملک کے مسائل کا حل انتخابات میں ہے ،اور انتخابات وقت مقررہ پر ہی ہونے چاہئیں یہی آئین کا تقاضا ہے کیونکہ ملک میں جاری سیاسی عدم استحکام سے تخریب کاری میں اضافہ ہوا ہے، عدلیہ کے فیصلوں پر عملدرآمد کرانے کیلئے 23 رمضان المبارک بروز جمعہ کو ملک بھر میں اجتماعات منعقد کرینگے، موجودہ حکمران مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام رہے ہیں، غلط پالیسیوں اور اقدامات کی وجہ سے گزشتہ دو ماہ کے دوران تقریباً 4 کروڑ لوگ سطح غربت سے نیچے چلے گئے ہیں، جو ہم سب کیلئے لمحہ فکر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو علامہ مقصود علی ڈومکی، آغا محمد رضا، سیدا ظہر عباس شمسی، ارباب لیاقت علی ہزارہ، سید ابراہیم آغا سمیت دیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رجیم چینج لانے والوں نے خود اعتراف کرلیا ہے کہ ہمیں یہ نہیں کرنا چاہیے تھا، پی ڈی ایم نے مہنگائی پر قابو پانے کے لئے جو دعوے کیے تھے وہ پورے نہیں ہوسکے جس کی وجہ سے آج ملک میں تاریخ کی بلند ترین مہنگائی ہے، بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے دو ماہ کی قلیل مدت میں 4 کروڑ سے زائد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں اور زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سیا سی عدم استحکام سے تخریب کاری کے واقعات میں اضا فہ ہوا ہے ، مجلس وحدت المسلمین رجیم چینج کو سیا ہ باب قرار دیتی ہے۔ آج ملک میں عوام اپنی جان داﺅ پر لگاکر گندم حاصل کررہے ہےں، اس حصول میں قیمتی جانیں بھی ضائع ہورہی ہیں، پاکستان کو بیچنے کی کوششیں کی جارہی ہیں جس کے خلاف ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کے ساتھ کھیلا جارہا ہے جو کہ غدار ی کے مترادف ہے ، پاکستان کے ایٹمی اثاثوں اور اسرائیل کو تسلیم کرکے ریڈ لائن پر سمجھوتہ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ ملک بھر سمیت کوئٹہ میں بھی یوم القدس منایا جائے گا، ملک میں آئین کو سبوتاژ کیا جارہا ہے، عدلیہ کے فیصلوں پر عملدرآمد نہیں کیا گیا تو عوام کے ساتھ مل کر سڑکوں پر نظر آئیں گے۔ ملک میں مقررہ وقت پر انتخابات ہونے چاہیں انتخابات کے سلسلے میں مجلس وحدت المسلمین نے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ انہوں نے کوئٹہ سٹی کے نومنتخب ضلعی صدر ارباب لیاقت علی ہزارہ، ہزارہ ٹاﺅن کوئٹہ کے نو منتخب ضلعی صدر سید ابراہیم آغا کو مبارکباد پیش کر تے ہوئے امید کر تے ہیں کہ وہ علا قے کی بہتری کے لئے اپنی خدمات سر انجام دیں گے۔


