توشہ خانہ دیکھ بھال، انتظام و انصرام بل 2023 ایوان بالا میں متعارف،متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)توشہ خانہ دیکھ بھال سے متعلق انتظام وانصرام بل 2023 ایوان بالا میں متعارف کروا دیا گیا۔ جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان نے سینیٹ میں بل پیش کیا۔ سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ توشہ خانہ سے متعلق کوئی قانون موجود نہیں، وفاقی حکومت نے 20 سال کا جو توشہ خانہ ریکارڈ پیش کیا اس میں بندر بانٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے متعلق بل متعارف کرانا چاہتا ہوں، میرے بل کے مطابق کوئی بھی توشہ خانے کے تحائف بیچ نہیں سکتا۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ سینیٹر بہرہ مند تنگی نے بھی ایسا بل پہلے ہی متعارف کرا رکھا ہے۔وزیر مملکت شہادت اعوان نے کہا کہ بہرہ مند تنگی کا بل کمیٹی میں پہلے ہی موجود ہے، میری گزارش ہے یہ بل بھی بہرہ مند تنگی کے بل کے ساتھ یکجا کیا جائے۔ مذکورہ بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھیج دیا گیا۔
Load/Hide Comments


