کراچی، انٹر بینک میں ڈالر 285، اوپن مارکیٹ میں 287 روپے سے تجاوز
کراچی (انتخاب نیوز) پیر کو ڈالر کی قدر میں تیزرفتار اضافہ دیکھنے میں آیا اور انٹربینک میں اس کے نرخ 285 روپے سے تجاوز کرگئے۔ وزیرخزانہ کی آئی ایم ایف معاہدے میں تعاون کے حصول کے لیے ٹیم کے ہمراہ امریکا روانگی سے حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان اعتماد کے فقدان اور معاہدے کی عدم بحالی کا تاثر واضح ہونے جیسے عوامل کے باعث پیر کو ڈالر کی قدر میں اضافے کی رفتار تیز رہی۔ اس کے نتیجے میں ڈالر کے انٹربینک ریٹ 284 اور 285روپے سے بھی تجاوز کرگئے جبکہ اوپن ریٹ 287روپے سے بڑھ گئے۔ سیاسی افق پر تصادم کی برقرار فضا اور معیشت کی غیرواضح سمت کی وجہ سے نہ صرف مقامی اہم صنعتی شعبے بندش کی زد میں ہیں بلکہ مہنگائی و بیروزگاری نے تجارتی وصنعتی شعبوں کے اعتماد کو بھی متزلزل کردیا ہے جس سے روپیہ بدستور دباو¿ کا شکار ہے۔ غیرملکی قرضوں کی ادائیگیوں کا دباو¿ اور دوست ممالک کی جانب سے فنانسنگ گارنٹی نہ ملنے سے بھی روپے پر دباو¿ بڑھتا جارہا ہے۔ انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران ڈالر کی تسلسل سے پیش قدمی جاری رہی جس کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 1.25روپے کے اضافے سے 285.04روپے کی سطح پر بند ہوئے۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 50پیسے کے اضافے سے 287.50روپے کی سطح پر بند ہوئی۔


