زرغون ہاوسنگ اسکیم کی توسیع سے متعلق کیوڈی اے اور نجی شعبے کے درمیان معاہدے پر حکم امتناعی جاری

کوئٹہ:بلوچستان ہائیکورٹ نے زرغون ہاوسنگ اسکیم کی توسیع سے متعلق کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور نجی شعبے کے درمیان معاہدے پر عملدرآمد روکتے ہوئے حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے تمام ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔استغاثہ کے مطابق عدالت عالیہ نے ایک شہری نصیب اللہ کی درخواست پر کیوڈی اے اورنجی شعبے کے درمیان زرغون ہاوسنگ اسکیم کی توسیع کے متعلق شراکتی معاہدے پر حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو مذکورہ معاہدے کی تفصیلات سمیت دیگر تمام ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔واضح رہے کہ مذکورہ معاہدے سے متعلق عوامی ،سماجی اور سیاسی حلقوں کی جانب سے پہلے ہی مختلف خدشات اور تحفظات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے ان حلقوں کے مطابق تقریباً 60ایکڑ پر مشتمل مذکورہ معاہدے کے تحت کیوڈی اے کے نام اور ساکھ کو استعمال کیا جارہا ہے جبکہ مذکورہ منصوبے میں کیوڈی اے کومنافع آٹے میں نمک کے برابر حاصل ہوگا جبکہ نجی شعبے اور بعض با اختیار ذمہ داران اس منصوبے سے مبینہ طور پر اربوں روپے حاصل کرسکتے ہیں جس کا تمام تر بوجھ یقینی طور پر عام شہریوں کو ہی برداشت کرنا پڑے گا لہذا مفاد عامہ میں مذکورہ منصوبے کو عام شہریوں کی دسترس میں رکھنے اور خود کیوڈی اے کواس کا حقیقی حصہ دلوانے کی ضرورت ہے۔