بحر بلوچ میں ٹرالر مافیا کو آزادی دینے کیلئے مجھے جیل میں ڈالا گیا، ہدایت الرحمن

گوادر (انتخاب نیوز) ٹرالرز کو گوادر کا سمندر تباہ کرنے کی آزادی دینے کے لئے ہی مجھے جیل میں ڈالا گیا تاکہ ٹرالرز اپنے سہولت کار اور اداروں کی سرپرستی میں بلا روک ٹوک سمندری حیات کو ختم کرکے ماہیگیروں کو بھوکا مار دیں اور ان کے خلاف بولنے والا کوئی نہ ہو۔ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے جوڈیشل لاک اپ سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سمندری قزاقوں کو گوادر کا سمندر تباہ کرنے کی مکمل آزادی دینے کے لئے ہی مجھے جھوٹے مقدمات میں پھنسا کر جیل میں ڈالا گیا تاکہ ٹرالرز اور اس کے سہولت کار، بھتہ گیر بحر بلوچ میں بلا کسی روک ٹوک کے سمندری حیات کو مکمل ختم کرکے ماہیگیروں کو بھوکا مار دیں اور ان کیخلاف بولنے والا نہ کوئی نہ ہو اور ان کے مظالم پر ہمیشہ پردہ پڑا رہے۔ ہدایت الرحمن نے مزید کہا کہ ان ٹرالرز کی سرپرستی سرکاری ادارے اور فشریز کے اہلکار کررہے ہیں۔ سیکرٹری فشریز، ڈی جی فشریز سے لے کر نیچے تک سب بھتہ گیری میں ملوث ہیں اور ان ٹرالرز کے سہولت کار ہیں۔ ہدایت الرحمن نے واضح طور پر کہا کہ سمندری ڈاکوﺅں کیخلاف حق دو تحریک کی جدوجہد کبھی نہیں ختم ہوگی اور جب تک ان لٹیروں سے سمندر کو پاک نہیں کیا جاتا ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں