سعودی عرب ایران سفارتی تعلقات کی بحالی خطے کے امن کیلیے انتہائی اہم ہے، بلاول بھٹو
اسلام آباد (آن لائن) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سعودی عرب ایران سفارتی تعلقات کی بحالی خطے کے امن کیلیے انتہائی اہم ہے،پاکستان دونوں ممالک کے ساتھ تمام شعبوں میں اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ۔ وزیر خارجہ سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے وزارت خارجہ اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقع پر وزیربلاول بھٹو کا کہناتھا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ وزیر خارجہ نے ملاقات میں سعودی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دینے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ دریں اثناءوزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے بھی ا لوداعی ملاقات کی ہے۔ وزارت خارجہ اسلام آباد میں ہونے والی اس ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ کا اس موقع پر کہناتھا کہ پاکستان ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ ایران سعودی عرب سفارتی تعلقات کی بحالی خطے کے امن کیلیے انتہائی اہم ہے۔ وزیر خارجہ نے پاکستان میں تعیناتی کے دوران پاک ایران تعلقات کے حوالے سے سید محمد علی حسینی کی خدمات کو سراہا۔


