پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز شروع، ہزاروں اہلکار سیکورٹی پر مامور

لاہور (انتخاب نیوز) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کل رات نو بجے لاہور میں شروع ہو گا۔ قذافی اسٹیڈیم میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ٹرافی کی تقریب رونمائی میں پاکستانی کپتان بابراعظم اور کیوی کپتان ٹام لیتھم شریک ہوئے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز کل سے ہوگا، پہلا میچ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، دونوں ٹیمیں آج پریکٹس سیشن کریں گی۔ 15 اور 17 اپریل کو سیریزکا دوسرا اور تیسرا میچ بھی قذافی اسٹیڈیم جبکہ چوتھا اور پانچواں ٹی ٹوئنٹی میچ 20 اور 24 اپریل کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی سیریز کی تیاریوں کیلئے آج قذافی اسٹیڈیم میں نیٹ پریکٹس کریں گی، دونوں ٹیمیں 3 گھنٹے تک پریکٹس کریں گی۔ علاوہ ازیں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے موقع پر انتظامیہ اور پولیس نے اعلیٰ سطح کی سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے کام شروع کر دیا، رینجرز تعینات کرنے کا فیصلہ۔ ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے کیوی ٹیم کی سکیورٹی کیلئے وزرات داخلہ کو خط لکھ کر 300 رینجرز اہلکار مانگ لیے ہیں،رینجرز کوئیک رسپانس فورس کے طور پر کام کرے گی۔ وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ رینجرز اہلکار ٹیم کے روٹ اور اسٹیڈیم کی سکیورٹی پر بھی تعینات ہوں گے۔ مراسلہ میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے بھی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو وی آئی پی سکیورٹی دینے کی ہدایت کر رکھی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں