سپریم کورٹ آزاد کشمیر سے سردار تنویر الیاس کی فوری بحالی کی درخواست خارج
مظفر آباد: آزاد کشمیر سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے خلاف ہائی کورٹ کی طرف سے نااہلی کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے فیصلے کے خلاف دائر اپیل میرٹ پر سننے کا فیصلہ کیا ہے۔ جمعرات کوآزاد کشمیر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس راجہ سعید اکرم کی سربراہی میں فل بینچ نے سابق وزیرِ اعظم سردار تنویر الیاس کی درخواستوں کی سماعت کی ، جسٹس رضا علی خان اور جسٹس خواجہ نسیم بھی بینچ میں شامل تھے۔آزاد کشمیر سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کر کے بطور وزیراعظم سردار تنویر الیاس کوکام کرنے کی اجازت دینے سے متعلق درخواست خارج کر دی۔سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کی سزا پر حکم امتناع دینے کی درخواست مسترد کر دی۔ ابتداعی سماعت کے موقع پرچیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سابق وزیرِ اعظم نے معذرت نہیں کی، سابق وزیرِ اعظم نے کہا اگر توہین ہوئی ہے تو معافی مانگتا ہوں۔ چیف جسٹس راجہ سعید اکرم نے کہا کہ سابق وزیرِ اعظم ایوان اور وزارت عظمی کا عہدہ بھی جوتی کی نوک پر رکھتے ہیں، وہ کہتے ہیں ججز کو نکال دوں گا۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیرِ اعظم ایک چپڑاسی کو بغیر پراسس کے نہیں نکال سکتے، اسمبلی قانون بناتی ہے ہم صرف اس کی تشریح کرتے ہیں۔ سابق وزیرِ اعظم تنویر الیاس کے وکیل سردار رازق نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ میرے موکل کو وضاحت کا موقع نہیں دیا گیا، آئین ہر شہری کو خود پر لگے الزامات کا جواب دینے کا موقع دیتا ہے ۔آزاد کشمیر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ملٹی میڈیا پر ان کے تمام الفاظ چلائے تو انہوں نے تسلیم کیا ، انہوں نے عدالت کے سامنے ہی توہین آمیز الفاظ کو تسلیم کیا، ان کے تسلیم کر لینے کے بعد کیا عدالت ان سے معافی مانگتی؟چیف جسٹس نے کہا کہ سابق وزیرِ اعظم نے کہاکہ اگر یہ توہین ہے تو معذرت کرتے ہیں، وہ ویسے بڑ ے اسٹیٹ فارورڈ ہیں، مان لیا کہ انہوں نے ہی یہ کہا، جج بھی کوئی ایسا کام کرتا ہے تو اس کے خلاف بھی توہین کی کارروائی ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب ایک شخص تسلیم کر لیتا ہے کہ الفاظ بھی اسی کے ہیں اور توہین بھی کی ہے تو ہمارے پاس کیا آپشن رہ جاتا ہے۔


