پنجاب کے انتخابات کیلئے پی ٹی آئی نے 297 امیدواروں کو ٹکٹ جاری کردیے
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں پارٹی ٹکٹ جمع کرانے کی آخری تاریخ کے موقع پر پی ٹی آئی نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے 297 امیدواروں کی فہرست کو حتمی شکل دے دی، جو عدالتی احکامات کے مطابق 14 مئی کو ہونے والے ہیں۔نجی نیوز کی رپورٹ کے مطابق دوسری جانب پیپلز پارٹی نے بھی وسطی پنجاب کے 5 ڈویژنوں کے لیے اپنے نامزد امیدواروں کی فہرست کو حتمی شکل دے دی ہے اور ان امیدواروں کو پارٹی کی مقامی قیادت کی جانب سے ٹکٹ جاری کیے جائیں گے، جنہیں ہائی کمان کے احکامات کا انتظار ہے۔پارٹی کے سربراہ عمران خان نے امیدواروں کا انتخاب مکمل کرنے کے بعد بدھ کی شام اپنی رہائش گاہ زمان پارک میں علاقائی اور ضلعی صدور کا اجلاس طلب کیا تھا۔پارٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ عمران خان نے بدھ کی شام دیر گئے صوبے بھر کے امیدواروں میں تقسیم کرنے کے لیے پنجاب کے وسطی، شمالی، مغربی اور جنوبی علاقوں کے متعلقہ صدور کو منتخب کیے گئے امیدواروں کے ٹکٹ دیے۔ذرائع نے بتایا کہ تمام صدور منتخب امیدواروں کے پارٹی ٹکٹ اضلاع میں لے جائیں گے اور انہیں سحری سے پہلے نامزد امیدواروں میں تقسیم کریں گے تاکہ وہ جمعرات کی صبح الیکشن کمیشن کے پاس اپنے کاغذات جمع کراسکیں۔خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے 14 مئی کے انتخابات کے لیے متعلقہ امیدواروں کی جانب سے پارٹی ٹکٹ جمع کرانے کے لیے آخری تاریخ 20 اپریل دی تھی۔پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے ٹکٹوں کی تقسیم میں میرٹ کو برقرار رکھنے کے لیے تمام پارٹی امیدواروں سے ذاتی طور پر انٹرویو کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔عمران خان نے ایک انٹرویو سے پہلے کہا تھا کہ 2018 میں ٹکٹ دینے کا کام جس ٹیم کو سونپا گیا اس نے اپنے فرائض کی انجام دہی میں غفلت برتی تھی۔چیئرمین پی ٹی آئی نے اس بار پارٹی میں اپنے کسی ساتھی پر بھروسہ نہیں کیا، اس لیے انہوں نے 6 اپریل سے 18 اپریل تک نامزد امیدواروں کے انتخاب کے لیے تمام امیدواروں کا ون آن ون انٹرویو کیا۔


