نابلس ،اسرائیلی فوج سے جھڑپیں ،33شہری زخمی

نابلس(مانیٹرنگ ڈیسک) مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی علاقے نابلس کے قصبے حوارہ میں شہیدہ ایمان عودہ کی نماز جنازہ کے بعد صیہونی قابض فوج کے ساتھ جھڑپوں میں 33 شہری زخمی ہوگئے۔ہلال احمر سوسائٹی نے اطلاع دی کہ اس کے عملے نے نابلس کے جنوب میں واقع قصبے حوارہ میں قابض فوج کے ساتھ تصادم کے دوران 33 زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی۔ زخمیوں میں سے پانچ شہری ربڑ کی گولیوں کا نشانہ بنے اور باقی آنسو گیس کی وجہ سے دم گھٹنے سے متاثر ہوئے۔ہلال احمر سوسائٹی نے کہا ہے کہ حوارہ میں گیس کی وجہ سے ایک گھر خالی کرنے کے علاوہ گیس میں دم گھٹنے کے نتیجے میں ایک بچے کو ابن سینا ہسپتال کے ایمرجنسی روم میں لے جایا گیا۔تصادم اس وقت شروع ہوا جب شہیدہ ایمان زیاد عودہ جسے اس سے قبل قابض فوج نے یہ دعوی کرتے ہوئے شہید کردیا تھا اس نے حوارہ قصبے میں چاقو سے اسرائیلی فوجیوں پر حملہ کیا تھا۔جلوس جنازہ نابلس کے شہر رفیدیا ہسپتال سے شہید کی جائے پیدائش قصبہ حوارہ کے لیے روانہ ہوا، جہاں انہیں ان کے آبائی گھر میں شہید کا آخری دیدار کرایا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں