شہباز شریف کی اسکاٹ لینڈ کے پہلے مسلم وزیراعظم حمزہ یوسف سے ملاقات، پاکستان دورے کی دعوت
لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف سے آج لندن میں ملاقات کی، انہوں نے حمزہ یوسف کو اہم عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ حمزہ یوسف کے انتخاب سے اسکاٹ لینڈ اور برطانیہ میں برٹش پاکستانی کمیونٹی کا اہم اور مثبت کردار اجاگر ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، آبی وسائل، متبادل توانائی کے شعبوں میں تعاون اور دونوں اطراف کے عوام کے درمیان روابط شامل ہیں۔ ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے تعلیم، ہنر اور قابل تجدید ذرائع میں مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینے کے لیے باہمی تعاون سے کام کرنے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے اسکاٹ لینڈ میں موجود پاکستانی تاجروں کے اہم کردار پر بھی بات ہوئی. ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس سلسلے میں اسکاٹ لینڈ میں سرمایہ کاری کانفرنس منعقد کرنے اور اسکاٹ لینڈ میں پاکستان کی قابل تجدید توانائی کی صلاحیت کو دکھانے کے لیے الگ سے ایک روڈ شو کا اہتمام کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔ وزیر اعظم نے گزشتہ سال تباہ کن سیلاب کے دوران فراخدلانہ تعاون اور امداد پر اسکاٹش حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے حمزہ یوسف کو دورہ پاکستان کی پرخلوص دعوت دی جسے انہوں نے بخوشی قبول کر لیا، حمزہ یوسف اسکاٹش نیشنل پارٹی کی قیادت کرتے ہیں اور انہیں مارچ میں اسکاٹش پارلیمنٹ نے اسکاٹش حکومت کی سربراہی کے لیے منتخب کیا تھا، وہ پاکستانی نژاد پہلے برطانوی شہری ہیں جنہوں نے یہ اعزاز حاصل کیا۔


